اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک کی بندرگاہوں پر کافی عرصے سے پھنسے ہوئے کنٹینرز اورہزاروں درآمدی گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے پالیسی متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی کامسودہ تیار کرنا شروع کردیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی مسودے کی تیاری کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی) اجلاس کے فیصلہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے شروع کی گئی ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ اس حوالے سے سفارشات طلب کی گئی ہیں جن کی روشنی میں سمری تیار کرکے منظوری کے لیے ای سی سی کو بھجوائی جائے گی جس میں بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے کنٹینرز اور ہزاروں درآمدی گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے ڈیمرج سرچارج، جرمانوں سے استثنی و رعایات دینے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ اس کے لیے ڈیوٹی و ٹیکسوں کے اصل واجبات یکمشت ادا کرنے ہوں گے۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 15 جنوری 2019 کو ہونے والے اجلاس میں بندرگاہوں کو کافی عرصے سے پھنسے ہوئے کنٹینرز اور گاڑیوں کی کلیئرنس کے بارے میں ہدایت کی تھی۔ اس سلسلے میں ایف بی آر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے جامع مشاورت کے ساتھ رپورٹ تیار کرکے ای سی سی کو بھجوائے گا جس کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد حتمی شکل دے کر ای سی سی کو بھجوا دی جائے گی۔
The post کنٹینرز اور درآمدی گاڑیوں کی کلیئرنس کیلیے پالیسی متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2U8E3mt