لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری بڑے مسائل پر بات کریں ابو بچاؤ مہم کے لیے بڑا وقت پڑا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، دنیا کی ہر ریاست میں جرائم ہوتے ہیں لیکن دیکھنا ہوتا ہےکہ ان جرائم کی روک تھام کے لیے ریاست کا کیا ردعمل ہوتا ہے، 2 بچیوں کو سندھ سے اغوا کیا گیا، سوشل میڈیا پر ہندو لڑکیوں کی مذہب کی تبدیلی سے متعلق ویڈیو وائرل ہوئی ہے، اغواہونے والی بچیوں کی تلاش جاری ہے، جلد ملزمان گرفتار کرلیے جائیں گے، تمام ذمہ داروں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان میں ہندو لڑکیوں کے اغوا پر تشویش کا اظہارکیا، کیا ہی اچھا ہو بھارتی وزیر خارجہ بھارت میں اقلیتوں کی حالت پر بھی ایسی تشویش کا اظہار کریں، بھارتی ریاست گجرات میں سیکڑوں مسلمانوں کوشہید کیا گیا، بھارتی حکومت وہاں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کے حوالے سے سوچے، نئے پاکستان میں ہر مذہب ، رنگ اور نسل کے لوگ مساوی حقوق رکھتے ہیں، ہم اپنی اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کیا بھارت دعویٰ کرسکتا ہے کہ وہ اقلیتوں کےساتھ کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری یا مریم نواز سے ان کی کوئی ذاتی لڑائی نہیں لیکن ابو کے پیسوں پر سیاست کرنا کچھ مناسب کام نہیں، بلاول اور مریم کم از کم کچھ دیر کے لیے نوکری ہی کر لیں۔ پیپلز پارٹی یا بلاول زرداری کا اصل مسئلہ جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی ہے، وہ بڑے مسائل پر بات کریں، ابو بچاؤ مہم کے لیے بڑا وقت پڑا ہے، انہیں بھارتی رویے کے خلاف ٹرین مارچ کرنا چاہیے، بلاول نے شاید دیکھا نہیں کہ خورشید شاہ کتنے بڑے دہشت گردوں سے ملتے رہے ہیں، یہ کہنا ٹھیک نہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر صحیح طور پر عمل نہیں ہوا، نیشنل ایکشن پلان میں واضح ہے کہ جہاد صرف ریاست کر سکتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ خورشید شاہ اور مولانا فضل الرحمان کو بھی معیشت کا درد ہونے لگا ہے، فضل الرحمان اور خورشید شاہ کومعلوم ہے کہ ان کی باری بھی آنے والی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو اسلام سے زیادہ اسلام آباد کی فکر ہے، ان سے ہاتھ ملائیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں، وہ 88 کے بعد اقتدار سے باہر ہوئے ہیں، ان کا دکھ سب سےزیادہ ہے، گزشتہ حکومت کےمقابلے میں ہم نےبہت کم قرضے لیے، پی ٹی آئی حکومت نے قرضے نہیں لیے بلکہ اسے پچھلے قرضے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت جامع منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، ملکی اداروں میں بھی بہتری نظر آرہی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ملک میں بہتری آرہی ہے، اعلی سطح پر کرپشن پر قابو پانےکے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں، کرپشن میں خاطر خواہ کمی نظر آرہی ہے۔
مہاتیر محمد کے دورے کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلی حکومت کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ پاکستان کی کیا اہمیت ہے، آج وزیراعظم کو دنیا میں مسلم امہ کے نمائندے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ، ہم امریکا ،مغربی دنیا اور مسلم ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہیں، مہاتیر محمد کا دورہ پاکستان تیسرا بڑا دورہ تھا۔
The post بلاول بڑے مسائل پر بات کریں ابو بچاؤ مہم کیلیے بڑا وقت پڑا ہے ، فواد چوہدری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2CAeL6V