بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے بھارت نے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا مثبت جواب نہیں دیا۔
یوم پاکستان پر ہمسایہ ملک بھارت کے دارالحکومت میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، ہائی کمشنر سہیل محمود نے قومی پرچم لہرایا ، قومی ترانہ پڑھا گیا اور کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں ، بھارتی کاروباری شخصیات اورحریت رہنماؤں نے شرکت کی، تاہم بھارتی حکومتی نمائندے تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارت پر کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔ دھونس اوردھمکیوں کا استعمال ماضی میں فائدہ مند ہوا ہے اورنہ ہی اب ہوگا۔ جموں و کشمیرسمیت تمام تنازعات کا منصفانہ حل مذاکرات ہیں۔
پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے مزید کہا کہ باہمی کشیدگی کے خاتمے کے لئے بھارت نے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا، بھارتی کمانڈر کی رہائی اور کرتارپور راہداری پر مذاکرات سے تناؤ میں کمی آئی ہے لیکن سرحدی کشیدگی کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔
ہائی کمشنر سہیل محمود نے وزیراعظم عمران خان کی پہلی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ایک قدم بڑھانے پر دو قدم آگے آنے کے وزیراعظم کے عزم کا بھارت نے مثبت جواب نہیں دیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ ہمیشہ برابری اور احترام کے ساتھ پُر امن اور اچھے تعلقات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
The post نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی پُر وقار تقریب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2JIKSHg