اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ آمروں نے صوبائی خودمختاری چھینی اور اب وہی کام عمران خان کرنے آئے ہیں۔
اپنے بیان میں مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ آمروں نے صوبائی خودمختاری چھینی اور اب وہی کام عمران خان کرنے آئے ہیں،انہیں حکومت میں لانے کا اصل ایجنڈا سامنے آگیا ہے، عمران خان کی زبان پرحقیقت آہی گئی کہ ان کا ہدف اٹھارویں ترمیم ہے ،عمران خان اپنی معاشی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے اٹھارویں ترمیم پر الزام عائد کر رہے ہیں، اٹھارویں ترمیم سے دس سال تک وفاق دیوالیہ نہیں ہوا تواب کیسے ہو گیا ؟، اسٹاک مارکیٹ میں مندی اور کاروباری طبقے کی بدحالی کی ذمہ دار حکومت ہے اٹھارویں ترمیم نہیں۔ عمران خان بتائیں کہ ٹیکس وصولیوں میں 450 ارب کے شارٹ فال کی ذمہ دار اٹھارویں ترمیم کیسے ہے؟
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ڈالر، پیٹرول، بجلی ، گیس، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، بدترین معاشی صورتحال قومی سلامتی کیلئے بھی مسئلہ بن چکی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام برداشت نہ ہوناآمرانہ سوچ کاثبوت ہے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان پانچ سال خیبرپختونخوا میں حکومت میں تھے تب تو فنڈز لے کر اڑاتے رہے، دس سال میں سندھ میں عالمی معیار کے اسپتال، تعلیمی ادارے اور سڑکیں بنی ہیں، تھر کے کوئلے سے بجلی کا منصوبہ بھی سندھ حکومت کا ہی کارنامہ ہے، عمران خان بتائیں کہ انہوں نے خیبرپختونخوا میں بی آر ٹی کے ناکام منصوبے کے علاوہ کیا بنایا ؟۔
The post آمروں نے صوبائی خودمختاری چھینی اب وہی کام عمران خان کرنے آئے ہیں، ترجمان بلاول appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2I1NFZJ