پی ایس ایل ڈائری - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

پی ایس ایل ڈائری

ارے یہ تو ذاکر خان لگ رہے ہیں ،ہوٹل سے متصل شاپنگ مال میں سامنے آتے ہوئے ایک صاحب کو دیکھ کر مجھے ایسا لگا، وہ واقعی پی سی بی کے ڈائریکٹر ہی تھے۔

میں نے آگے بڑھ کر انھیں سلام کیا، انھوں نے مجھ سے ہاتھ ملایا اور آگے بڑھ گئے، ان کی اس سرد مہری کی وجہ کیا تھی یہ مجھے بتانے کی ضرورت نہیں،جیسا کہ میں نے پہلے بتایا تھا کہ پی سی بی کے تقریبا تمام بڑے آفیشلز سرکاری دورے پر دبئی آئے ہوئے ہیں لہذا کوئی نہ کوئی مل ہی جاتا ہے لیکن حیران کن طور پر سی او او سبحان احمد یہاں نہیں آئے،اس سے صاف ظاہر ہے کہ ایم ڈی وسیم خان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی اب پہلے والی پوزیشن نہیں رہی۔

ایم ڈی نے تاحال میڈیا سے ملاقات کی زحمت گوارا نہیں کی ہے،جمعرات کی شب افتتاحی میچ تقریبا پونے دو بجے ختم ہوا تھا،ایسا تاخیر سے آغاز کے سبب ہوا، البتہ اچھی بات یہ تھی کہ اس وقت تک وہ مکمل بھر چکا تھا، آج یو اے ای میں جمعے کی وجہ سے چھٹی کا دن اورمجھے لگتا تھا کہ شاید ہاؤس فل ہو لیکن 50  فیصد سے زائد نشستیں خالی ہی نظر آئیں، دوسرے میچ میں پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ ہونا تھا۔

میرا خیال تھا کہ وہ میچ دیکھنے کیلیے زیادہ لوگ آئیں گے مگر ایسا نہ ہو سکا،کراؤڈ کی عدم دلچسپی تشویش کی بات ہے،آج صبح ہی ایک نئی بات معلوم ہوئی کہ بورڈ نے ٹیم مالکان کوڈریسنگ رومز اور ڈگ آؤٹس میں بیٹھنے کی اجازت دے دی ہے،البتہ ساتھ کچھ شرائط عائد کی ہیں ،ویسے بورڈ کی جانب سے باتیں سخت ترین اینٹی کرپشن کوڈ کے نفاذ کی ہوتی ہیں اور ایسے اقدامات سے خود ہی دوسروں کو انگلیاں اٹھانے کا موقع دیا جاتا ہے۔

یہ فیصلہ ایک ’’امیرترین‘‘ فرنچائز اونر کو خوش کرنے کیلیے ہوا جو لائم لائٹ میں رہنے کے خواہاں ہیں، ابھی کچھ دیر قبل میڈیا سینٹر میں ملتان سلطانز کے اونر علی ترین مختلف صحافیوں کو انٹرویوز دیتے دکھائی دیے،دیکھتے ہیں کہ نئے مالکان کے ساتھ یہ ٹیم کیسا پرفارم کرتی ہے،باقی باتیں اب کل کرتے ہیں۔

 

The post پی ایس ایل ڈائری appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2SSXHCp