کراچی: صوبائی محکمہ تعلیم نے نئے تعلیمی سیشن 2019/20کا زمینی حقائق کے برعکس غیرمنطقی تعلیمی کیلنڈرجاری کردیاہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے تعلیمی کیلنڈر 2019 میں میٹرک کے امتحانات گزشتہ سال کے مقابلے میں 7روزقبل 20 مارچ سے شروع ہونگے تاہم میٹرک کے نتائج گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک ماہ قبل 30جون تک جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں جوعملی طورپرناممکن ہے۔
واضح رہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں کے روشنی میں سندھ کے دیگرتعلیمی بورڈہربرس میٹرک کانتیجہ 15جولائی جبکہ میٹرک بورڈ کراچی یہ نتیجہ 31جولائی تک دینے کاپابندہوتاہے تاہم اس برس میٹرک بورڈ کراچی کے لیے دسویں جماعت کے نتائج کے اجر ا کی مدت کوپوراایک ماہ کم کرتے ہوئے اسے 30جون تک جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اسی طرح سندھ کے دیگرتعلیمی بورڈزکی یہ مدت 15روزکم کی گئی ہے۔
یادرہے کہ میٹرک بورڈ کراچی کے تحت یہ نتائج گزشتہ برس 2018میں بھی 12اگست کوجاری ہوئے تھے مزیدبراں تعلیمی کلینڈرکے مطابق انٹرسال اول کے داخلوں کی تکیمل کی مدت 15جولائی دی گئی ہے یادرہے کہ گزشتہ برس کراچی میں مرکزی داخلہ کمیٹی کے تحت انٹرسال اول کے یہ داخلے 17اگست سے شروع ہوئے تھے اورداخلوں کی تکمیل بمشکل 15ستمبرتک ہوپائی تھی۔
قابل ذکرامریہ ہے کہ اگرمیٹرک بورڈ کراچی اسٹیرنگ کمیٹی کی جانب سے 30جون تک میٹرک کے نتائج کے اجراء کی دی گئی مدت میں رزلٹ دینے میں کامیاب بھی ہوگیاتوایسی صورت میں بھی مارک شیٹ کے اجراء میں 15روزدرکارہوتے ہیں جبکہ 15جولائی تک انٹرکے داخلوں کاعمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس صورتحال پرسندھ کے کئی چیئرمین بورڈ نے ’’ایکسپریس‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نتائج کے اجراء کے حوالے سے یہ فیصلہ عملی طورپرناممکن ہوگا اوروہ اس معاملے پر محکمے کے حکام سے بات کریں گے۔
علاوہ ازیں نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھرکے سرکاری ونجی اسکولوں میں تعلیمی سیشن 2019/20اب یکم جولائی سے شروع ہوگاتاہم آغاخان تعلیمی بورڈ کے تحت اسکولوں میں تعلیمی سیشن یکم مئی اورکیمبرج بورڈ(اے اوراولیول) کے تحت چلنے والے اسکولوں میں یہ سیشن یکم اگست سے شروع ہوگا جاری کیے گئے۔
نوٹیفیکیشن میں محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے 2 جنوری 2019کے منعقدہ اجلاس کی رودادکی توثیق کے بعد تعلیمی سیشن ،امتحانات ،نتائج اورتعطیلات کی حتمی تفصیل بھی جاری کی گئی ہے جس کے مطابق کالجوں اورہائرسیکنڈری اسکولوں میں انٹرسال اول اوردوئم کے لیے سیشن کاآغاز 15جولائی سے ہوگا، کلاس نویں تک داخلوں کاسلسلہ یکم جولائی اورانٹرسال اول ودوئم کے داخلے 15جولائی تک مکمل کرلیے جائیں گے۔
مزیدبراں انٹرسال اول ودوئم کے تھیوری امتحانات 5اپریل سے شروع ہونگے اورتمام بورڈز کوانٹرسال دوئم کے نتائج31جولائی تک جاری کرنے کاپابندکیاگیاہے نویں جماعت کے امتحانی نتائج میٹرک کے نتائج کے اجرا کے 60روز اورگیارہویں جماعت کے نتائج بارہویں کے نتائج کے اجراء کے 60روزکے اندرجاری کرنے ہونگے۔
علاوہ ازیں موسم گرماکی تعطیلات یکم مئی سے 30جون جبکہ موسم سرما کی تعطیلات 20دسمبر سے 31دسمبرتک ہونگی۔
The post محکمہ تعلیم نے زمینی حقائق کے برعکس غیر منطقی تعلیمی کیلنڈر جاری کردیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2Hmofrg
