گوجرانوالا: ایک کروڑ روپے تاوان کے لئے اغوا ہونے والے 14 سالہ حنظلہ کے قتل کا معمہ حل ہوگیا حنظلہ کو اغوا کرکے قتل کرنے والے اس کے اپنے دوست ہی نکلے۔
مقتول 14 سالہ لڑکے حنظلہ کو 30 نومبر کے روز گھر کے قریب سے نامعلوم افراد نے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر قید کرلیا تھا اور اس کے گھر والوں کو فون کرکے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، مغوی بچے کے والد عرفان یوسف کی مدعیت میں تھانہ گرجاکھ پولیس نے مقدمہ درج کیا اور بچے کی تلاش کیلئے گرجاکھ پولیس اور سی آئی اے کالز ڈیٹا کی مدد سے اغوا کاروں کو تلاش کرتی رہی۔
اس دوران اغوا کاروں نے مغوی بچے کے گھر تاوان کیلئے کال بھی کی لیکن اس کے باوجود پولیس اغوا کاروں کو تلاش کرنے میں ناکام رہی، مغوی کے گھر والوں نے حنظلہ عرفان کی اطلاع دینے والے کو دس لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیاتھا۔
تاہم اب حنظلہ کے اغوا اورقتل کا معمہ حل ہوگیا ہے پولیس زرائع کے مطابق اغوا کر کے قتل کر نے والے حنظلہ کےاپنے دوست نکلے، فیصل اور مختیار نے حنظلہ کو تاوان کے لیے اغوا کیا اور اس کے گھر والوں سے ایک کروڑروپے کا تاوان مانگا۔ کل رات کو حنظلہ کی لاش نوشہرہ ورکاں کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے نعش کو ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال میں منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے دو ملزمان جن میں ایک مقتول کا دوست اور دوسرا اس کا ساتھی ہے نے مبینہ طور پر لڑکے کے ساتھ بدفعلی بھی کی ہے اس کے لیے پوسٹ مارٹم کروارہے ہیں۔
دوسری جانب مقتول حنظلہ کے چچا عامر کاکہنا ہے کہ پہلے دن ہی حنظلہ کو نوشہرہ ورکاں کے قریب لے جا کر قتل کر دیا گیا تھا ایک کال کے بعد کوئی کال وصول نہیں ہوئی، لاش ملنے کے بعد مقتول حنظلہ کے گھر والے غم سے نڈھال ہیں۔
The post تاوان کے لئے لڑکے کو قتل کرنے والے اس کے دوست ہی نکلے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2RsNw6T