قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل انجری کے باعث جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
قومی ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقا میں موجود حارث سہیل گھٹنے کی تکلیف کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے مڈل آرڈر بیٹسمین کو کیپ ٹاون سے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ آج ان کا ایک بار پھر معائنہ کیا گیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں تین سے چار ہفتے مزید آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حارث سہیل سنچورین ٹیسٹ سے پہلے بنونی میں ساوتھ افریقین انویٹیشنل الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور ان کی جگہ شان مسعود نے پہلے ٹیسٹ میں حصہ لیا تھا لیکن 10 ٹیسٹ اور 26 ایک روزہ میچز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے حارث سہیل اس لحاظ سے بدقسمت ہیں کہ وہ مجموعی طور پر چوتھی بار ان فٹ ہوکر کسی دورے سے واپس لوٹ رہے ہیں۔
حارث سہیل دوسری بار جنوبی افریقہ سے بنا کھیلے واپس آرہے ہیں، 2013 میں بھی 29 سالہ بلے باز جنوبی افریقا میں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوے تھے، 2015 میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے گھر لوٹے، جس کے بعد وہ فٹنس کی وجہ سے طویل عرصہ ٹیم سے باہر رہے، جولائی 2018 میں انجری کے سبب سیالکوٹی بلے باز ہرارے سے واپس آنے پر مجبور ہوئے اور اب ایک بار پھر وہ انجرڈ ہوکر دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن آرہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل جمعہ کو واپس آکر اگلے ہفتے سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب کا سلسلہ شروع کریں گے۔
The post حارث سہیل جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2F3LSSv