کیلیفورنیا: امریکی شہری نے وکی پیڈیا پر رضاکارانہ طور پر 35 ہزار مضامین لکھنے اور 30 لاکھ مضامین کی ایڈیٹنگ کرکے دنیا کو حیران کردیا۔
وکی پیڈیا نامی آن لائن انسائیکلو پیڈیا سے تو ہم بخوبی واقف ہیں جس پر دنیا بھر سے آن لائن رضاکار لکھنے، تدوین اور ادارت (ایڈیٹنگ) کا کام کرتے ہیں۔ وکی پیڈیا آن لائن معلومات اور مضامین کا سب سے بڑا ذخیرہ بن چکا ہے جہاں انگریزی سمیت دنیا کی دیگر زبانوں میں ہزارہا موضوعات پر معلوماتی مضامین کا انبار موجود ہے۔
اس ویب سائٹ پر اس وقت انگریزی میں 60 لاکھ کے قریب مضامین موجود ہیں۔ ان میں سے ایک تہائی مضامین کی ادارت اسٹیون پروئیٹ نے کی ہے جن کی تعداد 30 لاکھ سے زائد ہے جب کہ اسٹیون اب تک 35 ہزار سے زائد مضامین بھی لکھ چکے ہیں۔
اس ضمن میں اسٹیون کا کردار بہت نمایاں ہے اور انہوں نے برق رفتاری سے وکی پیڈیا پر کام کیا جس کے اعتراف میں مشہور جریدے ٹائم میگزین نے انہیں انٹرنیٹ کے بااثرترین افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
جب انہوں نے وکی پیڈیا پر رضاکارانہ طور پر اپنے جنونی کام کا آغاز کیا تو خود ان کے والدین نے اسے احمق قرار دیا کیونکہ اس عظیم کام کے بدلے انہیں ایک ڈالر بھی نہیں مل سکا اور وہ لکھنے اور ادارت کا سارا کام رضا کارانہ طور پر کرتے ہیں۔
جب ٹائم میگزین نے انہیں جے کے رولنگ، صدر ٹرمپ، کم کرڈاشیئن سمیت انٹرنیٹ کی بااثر شخصیات میں شامل کیا تو خود اس کے والدین بھی حیران رہ گئے۔
مفت تعلیم اور مفت معلومات تک رسائی اسٹیون کا مشن ہے اور وہ روزانہ کتابیں، رسالے اور دیگر جرائد چھان کر تین گھنٹے لکھنے اور ادارت میں گزارتے ہیں۔ دن میں وہ امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے ادارے میں ریکارڈ کیپر کی ملازمت کرہے ہیں۔
فی سیکنڈ وکی پیڈیا پر 6 ہزار افراد آتے ہیں اور اپنی معلومات حاصل کرتے ہیں جس کے سب سے بڑے رضاکار ایڈیٹر اسٹیون پروئیٹ ہی ہیں۔
The post وکی پیڈیا پر35 ہزارمضامین لکھنے اور30 لاکھ کی ایڈیٹنگ کرنے والا مصنف appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب http://bit.ly/2HyaCW4