واشنگٹن: امریکی بارڈر پروٹیکشن فورس کی تحویل میں ایک اور تارک وطن بچہ ہلاک ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی بارڈر فورس ایجنٹ نے گوئٹے مالا کے 8 سالہ بچے کو والد کے ہمراہ غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرتے وقت حراست میں لیا تھا۔ بچہ چند ہی گھنٹوں بعد حراست کے دوران ہی ہلاک ہوگیا۔
بارڈر ایجنٹ نے بچے کو والد کے ہمراہ کسٹم اور بارڈر پروٹیکشین کے حوالے کیا تھا جہاں اسے شدید سردی کے ساتھ تیز بخار ہوگیا۔ بچے کو اسپتال لے جایا گیا اور طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
8 سالہ بچے کو اسپتال سے واپسی کے بعد کئی الٹیاں ہوئیں اور اسے دوبارہ اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ رواں ماہ زیرحراست تارکین وطن بچے کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
دستاویزات نہ ہونے کے باعث باپ اور بیٹے کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے، گوئٹے مالا کی انتظامیہ کو بچے کی ہلاکت کی اطلاع دے دی گئی ہے تاہم وہاں سے کوئی معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کے راستے امریکا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ تارکین وطن بچوں کو والدین سے جدا کردیا جاتا ہے اور الگ الگ قید خانوں میں رکھا جاتا ہے جس پر امریکی صدر کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
The post امریکی بارڈر فورس کے زیر حراست ایک اور تارکین وطن بچہ ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل http://bit.ly/2ENXR7v