اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی لازم و ملزوم ہیں جب کہ چیف جسٹس نے پاناما لیکس کا فیصلہ کرکے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی تھی۔
اسلام آباد میں بڑھتی آبادی پرفوری توجہ کے موضوع پرمنعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ معاشرہ ترقی کرتا ہے جہاں قانون کی پاسداری ہو، کیوں کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے جمہوریت اور قانون کی حکمرانی لازم و ملزوم ہے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے پاناما لیکس کا فیصلہ کرکے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی کی جمہوری حکومتیں صرف 5 سال کا سوچتی تھیں کہ اگلا الیکشن کیسے جیتیں، ان کے دور میں تمام حکومتی ادارے مفلوج تھے، ان کی چھوٹی سوچ کی وجہ سے ہم پانی جیسے سنگین مسئلےمیں پھنس گئے، یہاں انتخابات ہوتے تھے قانون پر عملدرآمد نہیں ہوتا تھا، کسی نے نہیں سوچا تھا کہ وزیرِاعظم بھی قانون کے تابع ہوگا، میرے کانوں نے یہ بھی سنا کہ اچھا ہوا بنگلا دیش الگ ہوگیا وہ بوجھ تھا، آج وہی بنگلا دیش آگے کی طرف جارہا ہے۔
عمران خان نے کہا جمہوریت کا مقصد حکمرانوں کو قانون کے نیچے لانا ہے، سی ڈی اے میرے نیچے ہے پھر بھی آپکو بتاتا ہے عمران خان نے یہاں غلطی کی، میرے ماتحت ادارہ سی ڈی اے آج عدالت کو بنی گالا کی صورتحال بتارہا ہے، ایسا پہلے نہیں تھا، جن بوتل سے نکل چکا ہے،اب کوئی نہیں سوچے گا کہ وہ قانون سے بالاتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان میں ادارے خود مختار ہو رہے ہیں، ہم بڑے بڑے قبضہ گروپوں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، قانون سازی کے لیے بھی اقدامات کررہے ہیں، 6 نئےقانون اسمبلی میں لے کر آرہے ہیں، دنیا کے کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، آنے والے دنوں میں قرضوں سے نکل جائیں گے۔
The post چیف جسٹس نے پاناما لیکس کا فیصلہ کرکے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی تھی، وزیراعظم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2KUI8Ur