افغان صدر کا ویمنز فٹبالرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

افغان صدر کا ویمنز فٹبالرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم

کابل: افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ملکی ویمنز فٹبال ٹیم کی کھلاڑیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی  کے الزامات کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق  برطانوی اخبار نے اپنی رپوٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ افغان ویمنز فٹبالرز کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے ساتھ ساتھ بدسلوکی کے واقعات پیش آئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ خواتین کھلاڑیوں کو ملکی فٹبال فیڈریشن کے صدر اور دیگر مرد ارکان کی جانب سے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ برطانوی اخبار کو ویمنز ٹیم سے منسلک ایک سینئر بورڈ رکن نے بتایا تھا کہ جنسی ہراسانی  کے واقعات افغان فٹبال فیڈریشن  کے ہیڈ کوارٹرز اور اردن کے تربیتی کیمپ میں پیش آئے۔

برطانوی اخبار میں شائع ہونے والی تہلکہ خیز اسٹوری نے افغان قیادت کو ہلا کر رکھ دیا جب کہ کھیل سے وابستہ دیگر آفیشلز اور  کھلاڑیوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ افغان صدر نے خبر پر نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

اس ضمن میں افغان صدر سے اٹارنی جنرل نے ملاقات کی جس میں الزامات اور تحقیقات کے حوالے سے مشاورت کی گئی، افغان صدر نے ملاقات میں اٹارنی جنرل کو قانون کے تحت الزامات کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین سے بدسلوکی کے الزامات سے انہیں گہرا دکھ پہنچا ہے، کسی بھی کھلاڑی، ایتھلیٹس چاہے وہ مرد ہو یا خاتون، ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی بدتمیزی ناقابل قبول ہے۔

The post افغان صدر کا ویمنز فٹبالرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2RwPRub