مکڑی کے دماغ کو اغوا کرنے والی مافیا بِھڑ دریافت - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

مکڑی کے دماغ کو اغوا کرنے والی مافیا بِھڑ دریافت

 لندن: حشرات کی دنیا سے ایک دلچسپ خبر آئی ہے کہ ماہرین نے ایک بھڑ (شہد کی مکھی جیسا ایک کیڑا یا واسپ) دریافت کیا ہے جو نہ صرف ایک مکڑی پر پلتی ہے بلکہ اس کے دماغ کو قابو کرکے اس سے اپنی کام بھی کرواتی ہے۔

اگرچہ بھڑیں انسانوں کو کاٹنے میں مشہور ہیں لیکن سائنس دانوں نے ایمیزون کے جنگلات میں ایک ایسی بِھڑ دیکھی ہے جن کا حیاتیاتی چکر انتہائی حیران کن ہے۔ یہ بھڑ اپنے لارووں کو ایک مکڑی پر پروان چڑھاتی ہے اور اس کے بعد وہ مکڑی خود ان لارووں کا نوالہ بن جاتی ہے۔

ایکالوجیکل اینٹا مائلوجی میں شائع ایک تحقیق مضمون میں کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے مادہ بھڑ ایک مکڑی پر انڈے دیتی ہے جو اس سےچپک جاتے ہیں۔ پھر انڈوں کے لاروا نکلتے ہی مکڑی کو کھانا شروع کردیتے ہیں لیکن بات اس سے بھی آگے جاتی ہے۔ لاروا بڑھنے کے بعد بھی مکڑی کو نہیں چھوڑتا اور اس سے مخصوص کام بھی کرواتا ہے۔

لاروا مکڑی کو مجبور کرتا ہے کہ وہ اپنے قبیلے یا کالونی کو چھوڑے اور اسے مناسب جگہ لے جاکر وہاں اس کے تار سے اپنا خول نما گھر (کوکون) بنواتا ہے۔ جب گھر بن جاتا ہے تو لاروا اس مکڑی کو کھا کر اپنے گھر چلا جاتا ہے اور اپنی زندگی کے بقیہ مراحل وہیں طے کرکے ایک جوان بھڑ کی صورت میں باہر آتا ہے!

بھڑ کی اس نئی قسم کو ’زیٹی پوٹا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پر دن رات تحقیق کرنے والی پروفیسر سمانتھا اسٹراس کہتی ہیں کہ بھڑ اپنی شکار مکڑی کے دماغ کو مکمل قابو میں کرلیتی ہے جب اس کا دماغ ماؤف ہوجاتا ہے تو وہ ایسے کام کرتی ہے جو اسے نہیں کرنے چاہئیں  مثلاً دوست مکڑیوں سے دور جانا اور ایک عجیب گھر بنانا۔

لیکن یہ سب کچھ کیسے ہوتا ہے اور لاروا مکڑی کو کیسے قابو کرتا ہے؟ اس کا جواب معلوم کرنا ابھی باقی ہے خود سائنس داں اگلے مرحلے میں اس حیرت انگیز امر پر غور کریں گے۔

شاید لاروا مکڑی کے ہارمون کو تبدیل کرکے یہ کام کرواتا ہے لیکن یہ سب عمل بہت خوف ناک اور عجیب ہے۔

The post مکڑی کے دماغ کو اغوا کرنے والی مافیا بِھڑ دریافت appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2Q5xxvC