ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی

 لاہور: سپریم کورٹ  نے ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی لگادی۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لاہور رجسٹری میں از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور رائل پام کلب انتظامیہ عدالت میں پیش ہوئی۔

عدالت نے لاہور کی کینال روڈ پر ریلوے کی اراضی پر واقع رائل پام کلب کی لیز تنازع کا حل نکال دیا۔ عدالت نے کلب کی انتظامیہ کو تحلیل کرتے ہوئے آڈٹ کمپنی کو نئی انتظامیہ مقرر کردیا اور واضح کیا کہ پرانی انتظامیہ رائل پام میں داخل نہیں ہوسکتی۔ عدالت نے آڈٹ کمپنی کو کلب کا تمام ریکارڈ فوری قبضے میں لینے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ کلب میں تمام پروگرام اور سرگرمیاں معمول کے مطابق چلیں گی، ریلوے سے متعلق کوئی بھی ریکارڈ کلب سے باہر نہیں جائے گا۔ سپریم کورٹ نے رائل پام سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے تمام احکامات بھی غیر موثر کرتے ہوئے کلب کے ہائیکورٹ میں زیر التواء تمام مقدمات بھی منگوالئے۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی لگا رہے ہیں۔عدالت نے ریلوے کی زرعی اراضی 3 سالہ مدت سے زائد لیز کیلئے دینے پر بھی پابندی عائد کردی۔ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ رائل پام کلب انتظامیہ کا ریلوے کے ساتھ لیز کی رقم نہ دینے پر تنازعہ چل رہا تھا۔

The post ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2CzjAxt