میں ڈیم کیلئے 10 ارب اکٹھے نہ کرسکا، پی کے ایل آئی پر 34 ارب لگادیے، چیف جسٹس - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

میں ڈیم کیلئے 10 ارب اکٹھے نہ کرسکا، پی کے ایل آئی پر 34 ارب لگادیے، چیف جسٹس

 لاہور: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے ہیں کہ پی کے ایل آئی پر 34 ارب لگادیے، میں ڈیم کیلئے 10 ارب اکٹھے نہ کرسکا۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے لاہور رجسٹری میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں بچوں کے جگر کی پیوند کاری سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کی۔ پی کے ایل آئی کی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر جواد ساجد نے کہا کہ اسپتال میں فوری طور پر بچوں کے جگر کی پیوند کاری ممکن نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں قوم سے کیا گیا وعدہ واپس لینا پڑے گا، بھارت ویزا نہیں دے گا اور چین جانے کی استطاعت نہیں ہے، 70 سال ہو گئے ڈاکٹر ایسی سہولیات پیدا نہیں کر سکے، پی کے ایل آئی پر عوام کے 34 ارب روپے لگا دیئے مگر علاج کی سہولت میسر نہ آ سکی، اتنے پیسے میں 4 اسپتال بن جانے تھے، میں ڈیم کیلئے 10 ارب روپے اکٹھے نہیں کر سکا، ان کو 34 ارب روپیہ مل گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس نے بچوں کے جگر کی پیوند کاری سے متعلق قوم کو خوشخبری سنادی 

سربراہ ڈاکٹر جواد ساجد نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں سہولیات تو موجود ہیں، مگر ماہرین کی ٹیم کا فقدان ہے، بڑوں کے جگر کی پیوند کاری پی کے ایل آئی میں مئی میں ممکن ہو سکے گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے پی کے ایل آئی کے سابق سربراہ ڈاکٹر سعید اختر سے سوالات کئے تو سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کیخلاف مہم شروع کر دی گئی، اوورسیز ڈاکٹر خالد شریف اپنی خدمات دینے کو تیار ہیں مگر آپریشن کہاں پر کروائیں۔

چیف جسٹس نے ڈاکٹر سعید اختر سے پوچھا کہ پی کے ایل آئی کا آئیڈیا کہاں سے آیا؟ ڈاکٹر سعید اختر نے جواب دیا کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے نیویارک اسپتال کی مثال دے کر اس جیسا کام کرنے کو کہا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعلی نے اپنا علاج خود وہاں کروایا اس لئے اس کی مثال دی، مجھے سب معلوم ہے، کس نے آئیڈیا دیا اور کہاں بیٹھ کر میٹنگ ہوتی رہی۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

The post میں ڈیم کیلئے 10 ارب اکٹھے نہ کرسکا، پی کے ایل آئی پر 34 ارب لگادیے، چیف جسٹس appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2BLE6KY