سام سنگ نے اپنے پہلے فولڈنگ فون کی تفصیلات جاری کردیں - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

سام سنگ نے اپنے پہلے فولڈنگ فون کی تفصیلات جاری کردیں

سان فرانسسكو: ایک عرصے سے افواہوں میں رہنے کے بعد سام سنگ نے تہہ ہوجانے والے اپنے پہلے اسمارٹ فون کی تصاویر اور تفصیلات پیش کردیں۔

اگرچہ ایک عرصے سے سام سنگ کے بارے میں قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ بہت جلد فولڈ ایبل اسمارٹ فون پیش کرے گا تاہم اس کا باقاعدہ اعلان سام سنگ ڈویلپرکانفرنس (ایس ڈی سی ) میں اس سال کیا گیا ہے۔ اب سے کچھ روز قبل ایک غیرمعروف چینی کمپنی رویول نے نہ صرف دنیا کے پہلے فولڈنگ اسمارٹ فون کی مکمل تفصیل جاری کی بلکہ دسمبر میں باقاعدہ فروخت کا اعلان بھی کردیا تھا۔

شاید اسی وجہ سے سام سنگ نےاپنے پہلے فولڈنگ پروٹو ٹائپ کا اعلان کردیا اور اس کی تفصیل جاری کردی ہے۔ اسمارٹ فون کو کتاب کی طرح کھولا جائے تو اسکرین پھیل کر 7.3 انچ تک وسیع ہوجاتی ہے۔ اسے بنانے کے لیے کمپنی نے ایک نیا انٹرفیس بنایا ہے جسے ون یو آئی کا نام دیا گیا ہے۔ اس طرح کوئی بھی چلنے والی ایپ فون کھلتے ہی اندرونی اسکرین تک منتقل ہوجاتی ہے۔

انفنیٹی فلیکس ڈسپلے فون میں ایک وقت میں تین ایپس چلائی جاسکتی ہیں۔ آپ ویڈیو دیکھتے ہوئے فیس بک پر بات کرسکتے ہیں یا گوگل میپس پر اپنی منزل تلاش کرسکتے ہیں۔

سام سنگ نے اس فون کی تصاویر کم روشنی میں جاری کی ہیں اور بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق شاید سام سنگ اس کی ساری تفصیلات ظاہر نہیں کرنا چاہتا کیونکہ تصاویر میں صرف اسکرین ہی دکھائی دے رہی ہے۔

سام سنگ نے کہا ہے کہ شیشے کی اسکرین اس قسم کے فون کے لیے ہرگز کارآمد نہیں اور اس کے لیے کمپنی نے ایک نیا مٹیریل بنایا ہے جو کمپوزٹ پالیمر سے بنا ہے جو ایک وقت میں لچک دار ہے اور مضبوط بھی ہے۔ اس میں ہرطرح کے جھٹکے اور شاک برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ پولرائزڈ عمل سے ڈسپلے ظاہر ہوتا ہے اور ہزاروں لاکھوں مرتبہ فولڈ ہونے کے باوجود اسکرین خراب نہیں ہوتی۔

اس موبائل پر اینڈروئڈ 9 پائی کا آپریٹنگ سسٹم چلتا ہے تاہم یہ فون اس سال دستیاب نہیں ہوسکے گا کیونکہ سام سنگ نے اب تک بڑے پیمانے پر اس کی تیاری شروع نہیں کی۔

The post سام سنگ نے اپنے پہلے فولڈنگ فون کی تفصیلات جاری کردیں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/2OvtuDe