لاہور: ملک بھرمیں دھرنا دینے والی جماعتیں اس تشویش میں بھی مبتلا ہیں کہ توڑپھوڑ ، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات میں کئی سرگرم کارکن بھی ملوث ہیں جن کی نشاندہی تصاویر اور وڈیوز کے ذریعے کی گئی ہے۔
ملک بھرمیں ہنگامہ آرائی، توڑپھوڑ اوراملاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کے خلاف مقدمات اورگرفتاریوں کے حوالے سے دھرنا دینے والی جماعتیں جہاں حکومت سے ایسے عناصرکی نشاندہی اور گرفتاریوں میں معاونت کررہی ہیں وہیں یہ جماعتیں اس تشویش میں بھی مبتلا ہیں کہ توڑپھوڑ ، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات میں دھرنا دینے والی جماعتوں کے کئی سرگرم کارکن بھی ملوث ہیں جن کی نشاندہی تصاویر اور وڈیوز کے ذریعے کی گئی ہے۔
دھرنا پارٹیوں کی قیادت اگر ایسے کارکنوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے تو اس سے عام کارکنوں میں مایوسی پھیلنے کا اندیشہ ہے جو اپنے قائدین کی ایک کال پر اپنی جانیں تک قربان کرنے کوتیار ہیں، کارکن پریشان ہیں کہ ایسے ہی واقعات میں اگر قیادت نے ان سے لاتعلقی کا اظہارکردیا تو پھر گرفتار ہونے والے کارکنوں کا مستقبل کیا ہوگا۔
اس صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے تحریک لبیک کے سربراہ مولانا خادم رضوی کی زیر صدارت لاہور میں ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں کارکنوں کے خلاف بنائے جارہے مقدمات، گرفتاریوں کے علاوہ مولانا خادم رضوی اور تحریک کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے جانے پر غورکیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کی قیادت نے اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو متحرک رہنے کی ہدایات دی ہیں اور انہیں کہا گیا کہ وہ بند کیے جانے والے اکاؤنٹس کے متبادل اکاؤنٹس بنائیں اور آفیشل اکاؤنٹس کا بیک اپ بھی محفوظ کیا جائے تاکہ اگر ایک اکاؤنٹ بند ہو تو بیک اپ کی مدد سے نیا اکاؤنٹ کھولا جاسکے۔
The post دھرنا قیادت سرگرم کارکنوں کی گرفتاریوں پر تشویش میں مبتلا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2QkhV3m
