سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کے نتیجے میں صرف 3 دن میں 18 کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی اپیل پر وادی میں آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر تین روز میں 18 کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر پورا کشمیر سراپا احتجاج ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے بند، کاروباری سرگرمیاں معطل، ذرائع آمدورفت موقوف اور سڑکوں پر سناٹا ہے۔ کشمیری عوام کو احتجاج سے روکنے کے لیے بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کردی ہیں۔
بوکھلاہٹ کی شکار مودی نواز انتظامیہ نے تمام مرکزی شاہراؤں اور چوراہوں پر بھارتی فوج کی مزید نفری تعینات کردی ہے، شہادت پر احتجاج روکنے کے لیے خاردار تاریں لگا کر راستے بند کر دئیے گئے۔ جہاں چیکنگ کے نام پر عوام کو بے جا تنگ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں 18 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
The post 3 روز میں 18 نوجوانوں کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2OZKwcJ