استنبول: ترک حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ استنبول میں سعودی سفارت خانے میں لاپتہ ہوجانے والے واشنگٹن پوسٹ کے سعودی صحافی کو قتل کردیا گیا ہے۔
ترکی کے اہم حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واشنگٹن پوسٹ اور رائٹرز کو بتایا ہے کہ سعودی صحافی جمال خشگوی کو استبول میں سعودی سفارت خانے میں قتل کردیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این اور برطانوی نشریاتی ادارے کے رابطہ کرنے پر بھی ترکی کے حکام نے صحافی کے قتل ہوجانے کے خدشے کا اظہار کیا ہے تاہم سعودی حکومت نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
ترکی میں مقیم سعودی صحافی جمال خشگوی واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرتے ہیں۔ سعودی شاہی خاندان کے سخت ناقد جمال خشگوی 5 روز قبل استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے گئے تھے لیکن تاحال واپس نہیں لوٹے۔
یہ خبر بھی پڑھیں : واشنگٹن پوسٹ نے لاپتا سعودی صحافی سے اظہار یکجہتی کیلیے ’خالی کالم‘ چھاپ دیا
سعودی صحافی کے ہمراہ سفارت خانے جانے والی منگیتر کو دروازے پر ہی روک کر انتظار کرنے کا کہا گیا تھا اور جمال خشگوی کا موبائل بھی باہر رکھ لیا گیا تھا۔
کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی جمال خشگوی باہر نہ آئے تو اُن کی منگیتر نے سفارت خانے کے عملے سے تشویش کا اظہار کیا لیکن کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا گیا جس کے بعد خاتون نے استنبول پولیس سے رجوع کیا۔
واشنگٹن پوسٹ نے اپنے لاپتہ سعودی صحافی سے اظہار یکجہتی کے لیے دو روز قبل اخبار میں اُن کا خالی کالم بھی چھاپا تھا تاکہ دنیا کو واقعہ کی سنگینی اور حساسیت کا اندازہ ہو سکے۔
The post ترکی؛ سعودی قونصل خانے میں لاپتہ صحافی کے قتل کا خدشہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2Pg7cX9