کابل: افغانستان کے 15 صوبوں میں آپریشن کے دوران 57 جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان فورسز نے جنگجوئوں کیخلاف 15افغان صوبوں میں زمینی اور فضائی کارروائیاں کی ہیں، یہ کارروائیاں کنڑ، ہلمند، بغلان، قندھار، ننگرہار، ہرات، غزنی، بدخشاں، ارزگان، نمروز، پکتیا، فریاب، خوست، سرائے پل اور لوگر میں کی گئیں، صوبے فراہ میں دشمن کے ٹھکانوں اور اسلحے کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب دارالحکومت کابل میں ہوئے 2 بم حملوں کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار مارے گئے، دھماکوں میں 6 پولیس اہلکاروں کے علاوہ 3 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پہلا بم سڑک کنارے نصب تھا اور اس وقت پھٹا جب وہاں سے ایک فوجی گاڑی گزری اور دوسرا بم اس وقت پھٹا جب چھپے ہوئے جنگجوئوں نے فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، زخمیوں میں کابل پولیس کے سربراہ بھی شامل ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق طالبان نے غزنی شہر کے قریب کئی پلوں کو تباہ کردیا ہے، افغان فوج اور طالبان میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، امریکی وزارت دفاع پینٹاگان کی جانب سے افغانستان میں ہلاک ہونے والے اپنے فوجی کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔
پینٹاگان کے مطابق ہلاک ہونے والا 23 برس کا جیمز اے سلیپ تھا، اس کا تعلق شمالی کیرولینا کے شہر مورہیڈ سے تھا۔
The post افغان فورسز کا آپریشن، 57 جنگجو جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2C0gXF9