سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے بھارت نواز سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے دو کارکنوں کو قتل اور ایک کو زخمی کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے دو مقامی کارکنوں کو قتل اور ایک کو زخمی کر دیا ہے۔ مسلح افراد فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے کریک ڈاؤن آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت مشتاق وانی اور نذیر وانی کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ زخمی شکیل احمد زنگو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جسے سری نگر کے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
فائرنگ کا واقعہ بھارت نواز سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے مضبوط حلقے میں رونما ہوا ہے جہاں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیاریاں کی جاری تھیں اور ایک جلسے سے فاروق عبداللہ کو خطاب کرنا تھا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ 8 اکتوبر سے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے تاہم حریت تنظیموں کی جانب سے جعلی الیکشن کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد کئی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں اور انتخابی گہماگہمی کا فقدان ہے۔
The post مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2E1wnf8