سخومی: آزاد ریاست جمہوریہ ابغازیا کے وزیراعظم شام سے واپسی کے دوران کار حادثے میں ہلاک ہو گئے جب کہ حادثے میں صدر بھی زخمی ہوئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ابغازیا کے وزیراعظم شام کے سرکاری دورے سے واپسی پر سوچی ایئرپورٹ سے اپنے گھر کی جانب جا رہے تھے، وزیراعظم گیننا ڈے گاگولیا کی کار ضلع گودواتا سے گزری ہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا۔
کار حادثے میں 70 سالہ وزیراعظم موقع پر ہی ہلاک اور قافلے میں شامل ابغازیا کے صدر زخمی ہو گئے جب کہ وزیراعظم کے ڈرائیور اور گارڈز کو بھی چوٹیں آئیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کار حادثہ تھا جس میں دہشت گردی کا عنصر شامل نہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا قافلہ ضلع گودواتا کی مرکزی شاہراہ پر رواں دواں تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی ایک کار بے قابو ہو کر قافلے سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے قافلے میں شامل دو کاروں کو شدید نقصان پہنچا جس میں وزیراعظم کی کار بھی شامل تھی۔
واضح رہے کہ جارجیا سے علیحدہ ہونے والا اور لگ بھگ ڈھائی لاکھ کی آبادی رکھنے والا ابغازیا بحیرہ اسود اور قفقاز کے جنوب مغربی سمت کے مشرقی ساحل پر ایک متنازع اور مختصر سا علاقہ ہے۔ ابغازیا خود کو ایک ’آزاد ریاست جمہوریہ ابغازیا‘ کے طور پر کہلاتا ہے تاہم اسے عالمی سطح پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔
The post شام سے واپسی پر ابغازیا کے وزیراعظم کار حادثے میں ہلاک، صدر زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2MdRo55
