فرنچائزز کو پی ایس ایل کے مستقبل کی فکر ستانے لگی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

فرنچائزز کو پی ایس ایل کے مستقبل کی فکر ستانے لگی

 کراچی:  فرنچائزز کو پی ایس ایل کے مستقبل کی فکرستانے لگی،انھیں یہ بھی علم نہیں کہ لیگ کی پرانی منیجمنٹ برقرار رہے گی یا نئی کا تقرر کیا جائے گا۔

نجم سیٹھی کی رخصتی کے بعد احسان مانی نئے چیئرمین پی سی بی بن چکے ہیں، البتہ اب تک ان کا کسی پی ایس ایل فرنچائز سے باقاعدہ رابطہ نہیں ہوا ہے، صرف ایک اونر ازخود ملاقات کیلیے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزز بعض حوالوں سے تشویش کا شکار ہیں، انھیں یہ بھی علم نہیں کہ لیگ کی پرانی مینجمنٹ برقرار رہے گی یا نئی کا تقرر کیا جائے گا،بعض اونرز نے آپس میں رابطہ کر کے معاملات پر بات چیت کی ہے،انھیں سب سے زیادہ فکر براڈکاسٹنگ رائٹس پر ہے جس کیلیے متوقع رقم 75 ملین ڈالر سامنے آئی تھی، ان کی آمدنی کا زیادہ انحصار اسی پر ہوگا، اگر معاہدے سے قبل پلیئرز ڈرافٹ کا انعقاد ہوا تو متوقع رقم ملنے کا امکان کم ہوگا کیونکہ براڈ کاسٹر کی دلچسپی اسی پر ہوتی ہے کہ کتنے بڑے کھلاڑی ایونٹ میں آ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی براڈکاسٹنگ آمدنی کا 85 فیصد حصہ فرنچائزز کو دیتا ہے مگر اس میں سے پروڈکشن کی رقم منہا کر لی جاتی ہے، ٹیموں کو اس پر بھی اعتراض ہے،ابھی بورڈ کو ٹائٹل اسپانسر شپ کا بھی نیا معاہدہ کرنا ہے۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی ممکنہ طور پر 15 ستمبر کو پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ انھوں نے اس کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے سبب گزشتہ ماہ کونسل کا اجلاس نہیں ہو سکا تھا، وہ فرنچائز مالکان کواپنے منصوبوں سے آگاہ اوریہ یقین دلائیں گے کہ چیئرمین کی تبدیلی سے ان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور مفادات کا خیال رکھا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین بورڈ بھی اچھی طرح یہ بات جانتے ہیں کہ اگر نئے معاہدوں میں ویلیو کے مطابق رقم نہ ملی تو اس سے ان کی ساکھ پر اثر پڑے گا، اس لیے وہ ان پر خصوصی توجہ دیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ فرنچائزز نے پی سی بی کو خط ارسال کر کے میٹنگ کے حوالے سے وضاحت طلب کی تھی۔پی ایس ایل گورننگ کونسل میں چیئرمین بورڈ احسان مانی کے ساتھ سی او او سبحان احمد، سی ایف او بدر منظور خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر نائلہ بھٹی، سینئر جی ایم مارکیٹنگ صہیب شیخ، جنرل منیجر لیگل سلمان نصیر، ہیڈ آف پلیئر ایکویزیشن اینڈ منیجمنٹ پی ایس ایل عمران احمد خان اور تمام فرنچائز اونرز شامل ہیں۔

ان میں سے نائلہ بھٹی کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہے، وہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے بیحد قریب تھیں اورگزشتہ دنوں چھٹیوں پر چلی گئی تھیں،البتہ اب دوبارہ ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، ابھی یہ واضح نہیں کہ ان کی جگہ نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر کیا جائے گا یا وہی برقرار رہیں گی، اس پوسٹ کو پانے کیلیے پی سی بی کے بعض بااثر افسران بھی کوشاں ہیں۔

The post فرنچائزز کو پی ایس ایل کے مستقبل کی فکر ستانے لگی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2O0zrJ3