راولپنڈی: گلگت بلتستان میں پاک چین بارڈر سوست پر چین کی نیشنل نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی (این این سی سی) اور پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا مشترکہ دفتر برائے سرحدی روابط قائم کردیا گیا ہے۔
یہ دفتر اے این ایف کی چیک پوسٹ میں بنایا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چین کی انسداد منشیات کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری وی زیاؤ جن، یو این او ڈی سی کے دفتر برائے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جرمی ڈوگلاز، یو این او ڈی سی کے نمائندہ برائے پاکستان سیزر گوڈیز، ڈی جی اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک، چینی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان، کسٹمز پاکستان، نیب کے نمائندگان اور گلگت بلتستان کے مقامی سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی اے این ایف نے کہا کہ مشترکہ نظام کے قیام سے دونوں ممالک کو اس بارڈر پر منشیات اور ممنوعہ کیمیائی مواد کی ترسیل روکنے میں مدد ملے گی۔
اس نظام کے قیام کی کوششوں کا سہرا چینی این این سی سی کے ڈپٹی سیکریٹری کے سر ہے۔ انھوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ پاک چین دوستی کی بنیاد باہمی اعتماد پر مبنی ہے۔ انسداد منشیات کی کاروائیوں سمیت دیگر علاقائی اور عالمی معاملات پر ہمارے خیالات یکساں ہیں۔ ڈی جی اے این ایف نے پاکستانی حکومت کے خطے اور پوری دنیا سے منشیات کے خاتمے کے عزم کی یقین دہانی کرائی۔ انھوں نے کہا اے این ایف نے سال 2017 کے دوران 412 ٹن منشیات جبکہ سال 2018 کے دوران اب تک 178 ٹن منشیات برآمد کی۔
انھوں نے بتایا عالمی مسائل کا مقابلہ عالمی طریقوں سے ہی ممکن ہے۔ بین اقوامی سرحدوں پر منشیات کی ترسیل کے معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر کوئی بھی ملک تنہا اس معاملے سے نمٹ نہیں سکتا۔ انھوں نے واضح کیا پوست کی خطرناک سطح تک کاشت والے اور افیون کی پیداوار میں روز افزوں اضافہ کرنے والے ملک افغانستان کا ہمسایہ ہونے کی وجہ سے پاکستان منشیات کے استعمال اور ترسیل جیسے خطرناک جرم کا شکار ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری برائے چینی این این سی سی وی زیاؤ جن، یو این او ڈی سی کے دفتر برائے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جرمی ڈوگلاز، یو این او ڈی سی کے نمائندہ برائے پاکستان سیزر گوڈیزنے بھی منشیات کی عصبیت سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلیے ہمسایہ ممالک کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور منشیات سے پاک معاشرہ کے قیام کیلیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
The post پاک چین بارڈر ’’سوست‘‘ پر سرحدی روابط کیلیے مشترکہ دفتر قائم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2xhTFaK