ابو ظبی: ایشیا کپ کے گروپ بی میں دباؤ کا شکار سری لنکا کی ٹیم پیر کو افغانستان کے چیلنج کا سامنا رہے گا۔
آئی لینڈرزکو افغان اسپن اٹیک کا سخت چیلنج درپیش ہے، راشد خان، مجیب الرحمان اور محمد نبی بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کا امتحان لیں گے، انجیلو میتھیوز الیون کو حریف سائیڈ پر معمولی برتری حاصل ہے، پلیئنگ الیون میں ردوبدل متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ون ڈے فارمیٹ میں گذشتہ 18 ماہ سے سری لنکا کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی ہے، اس عرصے میں زمبابوے جیسی ٹیم کے خلاف کھیلے گئے آدھے میچز میں اس کو شکست ہوچکی ہے، پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں سیریز میں ناکامی ہوئی جبکہ بنگلہ دیش اور زمبابوے کے ساتھ رواں برس کے آغاز پر کھیلی گئی ون ڈے ٹرائنگولر سیریز میں بھی اس کو شکست ہوئی جبکہ ہفتے کو ایشیا کپ کے ابتدائی میچ میں بھی بنگلہ دیش سے 137 رنز کی ناکامی برداشت کرنا پڑی۔
اب اس کا مقابلہ افغانستان سے ہے جس کا دارومدار زیادہ تر اپنے اسپن ہتھیاروں پر ہی ہے، سری لنکا کوخاص طور پر گذشتہ دو برس کے دوران لیگ اسپن بولنگ کو کھیلنے میں مشکلات کا سامنا ہے، ایسے میں راشد خان سے بہتران کی کمزوری سے اور کون فائدہ اٹھاسکتا ہے، یہی نہیں بلکہ بنگلہ دیش کے فنگر اسپنر بھی پہلے میچ میں آئی لینڈرز کوکافی پریشان کرچکے، اسی لیے مجیب الرحمان اور محمد نبی بھی ان کیلیے سخت آزمائش ثابت ہوسکتے ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے دلروان پریرا کی جگہ اکیلا دنن جایا کو مل سکتی ہے، اسی طرح دھنن جایا ڈی سلوا کی جگہ نروشن ڈیکویلا کومیدان میں اتارا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کی جانب سے اسی کمبی نیشن پر ہی اعتماد برقرار رکھے جانے کی امید ہے جس نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ ابوظبی کا موسم بھی گرم اور رات کو اوس کا کا امکان موجود ہے جس کی وجہ سے بعد میں بولنگ کرنے والی ٹیم کو گیند پر گرفت میں مشکل پیش آسکتی ہے۔ سری لنکا افغانستان کے خلاف ماضی میں کھیلے گئے دونوں باہمی میچز جیت چکا، جس میں سے ورلڈ کپ 2015 کے میچ میں اسے 4 وکٹ سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
ون ڈے کرکٹ میں اپنی 22 بولنگ اننگز میں صرف ایک مرتبہ راشد خان وکٹ سے محروم رہے جبکہ اس دوران انھوں نے 3 مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔ کوشل مینڈس کو بغیر ففٹی بنائے 19 ون ڈے اننگز گزرچکی ہیں، انھوں نے آخری مرتبہ نصف سنچرری گذشتہ برس جون میں زمبابوے کے خلاف بنائی تھی۔
سری لنکا کے بیٹنگ کوچ تھلان سماراویرا کہتے ہیں کہ ہم گذشتہ کچھ عرصے سے مقابلوں کا آغاز اچھے انداز میں نہیں کرپارہے، بنگلہ دیش سے میچ میں بھی 30 رنز کے دوران پانچ وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھ گیا، ہمارے بیٹسمینوں ذہنی طور پر خود کو مضبوط رکھنے کی ضرورت ہے۔
The post دباؤ کا شکار سری لنکن ٹیم کو آج افغان چیلنج کا سامنا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2CZIj0e