اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید کا کہنا ہے کہ نیب کو غیر قانونی بھرتیوں سے خراب کر دیا گیا اور غیر قانونی تقرریوں والے گھر جائیں گے۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے نیب میں غیر قانونی تقرریوں کے خلاف عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔ جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ نیب میں غیر قانونی تقرریوں والے گھر جائیں گے، نیب غیر قانونی تقرریوں پر دوسروں کے خلاف ریفرنس فائل کرتا ہے، تو اپنے ادارے میں غیر قانونی تقرریوں پر آنکھیں بند کیوں کرے، نیب اپنے ادارے میں بھی غیر قانونی تقرریاں کرنے والوں کے خلاف ریفرنس فائل کرے۔
درخواست گزار نے کہا کہ نیب نے ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا، ہم دوسرے محکمہ سے استعفیٰ دے کر نیب میں آئے تھے مگر نیب نے بھی نکال دیا، اب جن محکموں سے آئے ہیں وہ بھی واپس نہیں لے رہے، عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ نیب ہمیں واپس بھیجے، ہمارے اصل محکموں میں ہمیں دوبارہ نوکریوں پر بحال کیا جائے۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ عدالت کے فیصلے پر جزوی عمل کردیا ہے جلد فیصلے پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔
جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ غیر قانونی بھرتیوں سے نیب کو خراب کر دیا گیا، نیب کو کام کرنے دیا جائے اور محکمے کو ٹھیک کرنے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔ کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی۔
The post نیب کو غیر قانونی بھرتیوں سے خراب کر دیا گیا، سپریم کورٹ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2xjX2Of