لائنز ایریا سے پراسرار طور پر لاپتہ طالبہ کا تاحال سراغ نہیں مل سکا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

لائنز ایریا سے پراسرار طور پر لاپتہ طالبہ کا تاحال سراغ نہیں مل سکا

 کراچی:  لائنز ایریا کے علاقے میں اسکول جاتے ہوئے طالبہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔

بچی یکم ستمبر ہفتے کی صبح گھر سے اسکول کے لیے نکلی تھی جو اسکول نہیں پہنچ سکی۔ پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی تاہم کوئی اہم کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

ایس ایچ او بریگیڈ ماجد علوی نے بتایا کہ لائنز ایریا کے رہائشی محمد زاہد کی بیٹی7سالہ بشریٰ جو کہ کے جی ٹو کلاس میں زیر تعلیم ہے ہفتے کی صبح تقریباً پونے 8 بجے گھر کے قریب واقع اقرا الاطفال اسکول گئی تھی جو اسکول نہیں پہنچی اور اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جبکہ بشریٰ کی چھٹی پر اسے لینے کے لیے اسکول گیا تو وہاں پتہ چلا کہ وہ تو اسکول ہی نہیں آئی۔

ماجد علوی نے بتایا کہ بچی کے گھر اور اسکول کے درمیان تقریباً 100 قدموں کا فاصلہ ہے اور اس کے درمیان سے ہی بچی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ، انھوں نے بتایا کہ جس اسکول میں بشریٰ زیر تعلیم ہے وہاں پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب نہیں ہے تاہم وہاں پر موجود دوسرے اسکول کی فوٹیجز دیکھیں تو بچی جمعے کو تو اسکول جاتے ہوئے دکھائی دی لیکن ہفتے کو وہ وہاں سے گزرتے ہوئے دکھائی نہیں دی،بچی کے لاپتہ ہونے کے بعد اہلخانہ نے اسے ہر جگہ تلاش کیا اور ناکامی پر تھانے میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔

پولیس نے کمسن طالبہ کے والد محمد زاہد کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 164/18 بجرم دفعہ 363 کے تحت درج کرلیا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بیٹی کے لاپتہ ہونے کے بعد سے اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا اورنہ ہی اس کی رہائی کے عوض کوئی کال آئی، پولیس بھی کمسن طالبہ کی بازیابی کے لیے خاندانی رنجش سمیت تمام پہلوؤں پر تحقیقات کررہی ہے،پولیس علاقے میں لگے ہوئے دیگر کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز کی مدد سے تفتیش میں کوئی اہم پیش رفت ہو سکے۔

The post لائنز ایریا سے پراسرار طور پر لاپتہ طالبہ کا تاحال سراغ نہیں مل سکا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2Q3Dy8j