ساف فٹبال میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیپال کو قابو کرلیا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ساف فٹبال میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیپال کو قابو کرلیا

ڈھاکا:  ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیپال کو 2-1 سے قابو کرلیا۔

ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم فاتحانہ آغاز کرنے میں کامیاب رہی، بنگا بندھو نیشنل اسٹیڈیم میں گرین شرٹس نے نیپال کو 2-1 سے شکست دیدی، میچ کے آغاز پر دونوں جانب سے کئی عمدہ موو بنائی گئیں تاہم اس میں پہلی کامیابی پاکستان کو کھیل کے 36 ویں منٹ میں اس وقت ملی جب حسن بشیر نے پنالٹی کک پر گیند کو جال میں پہنچا کرٹیم کو برتری دلوادی، پہلے ہاف کا اختتام 1-0 سے پاکستان کے حق میں ہوا۔

دوسرے ہاف میں نیپالی ٹیم نے جوابی حملوں میں شدت پیدا کیے رکھی، اس کے نتیجے میں کھیل کے 82ویں منٹ میں بیمل چتری میگار کے جوابی گول سے حساب 1-1 سے برابر ہوگیا، مقررہ وقت کی تکمیل پر بھی اسکور برقرار رہا لیکن انجری ٹائم کے چھٹے منٹ میں محمد علی نے فیصلہ کن گول داغ کر پاکستان کو میچ کے مکمل تین پوائنٹس کا حقدار بنوادیا، اس کامیابی سے قبل ساف چیمپئن شپ میں پاکستان نے اس سے قبل 2005 میں بھی اپنا ابتدائی میچ جیتا تھا۔

ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کی اب تک کی بہترین کارکردگی 1997 میں تیسری پوزیشن کا حصول رہی ہے، اس سے قبل پاکستان نے آخری بار اس علاقائی ایونٹ میں 2013 میں شرکت کی تھی، تاہم اس کے بعد پی ایف ایف کی اندورنی سیاست کے سبب پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل ایونٹس سے باہر رہی ہے، گرین شرٹس اب جمعرات کو ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ میزبان بنگلہ دیش کیخلاف کھیلیں گے جبکہ تیسرا اور آخری گروپ مقابلہ بھوٹان سے ہفتے کو شیڈول ہے۔

یاد رہے کہ ہر گروپ سے دو ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرپائیں گی، گروپ ’ بی ‘ میں بھارت ، مالدیپ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں، سیمی فائنلز 12 ستمبر جبکہ فائنل 15 تاریخ کو منعقد ہوگا، اس سے قبل قومی ٹیم نے جکارتہ میں منعقدہ ایشین گیمز میں بھی شرکت کی ہے، جہاں پر پاکستان نے 44 برس بعد پہلی کامیابی بھی حاصل کی ہے، حیران کن طور پر اس ایونٹ میں بھی پاکستانی ٹیم نے نیپال کو 2-1 سے مات دیکر یہ تاریخ رقم کی تھی۔

The post ساف فٹبال میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیپال کو قابو کرلیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2CkvnSl