لاہور: ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سابق کرکٹرز بھی تلملا اٹھے۔
ایشیا کپ میں فیورٹ کے طور پر شرکت کرنے والی ٹیم کی کارکردگی نے شائقین اور سابق کرکٹرز سب کو مایوس کردیا ہے،رمیز راجہ نے کہاکہ پاکستان ٹیم اس سے قبل اتنی بے حوصلہ نظر نہیں آئی،غلطیوں پر غلطیاں، پھر غلطیاں،اگر ان کی نشاندہی کریں تو ہزار صفحات درکار ہوں گے۔
شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی ہوئی،تینوں شعبوں میں جارحیت کی کمی نظر آئی،گزشتہ میچز میں عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے توقعات بڑھ گئی تھیں،کرکٹرز کو کھیل پر مزید توجہ اور پریکٹس کی ضرورت ہے۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ مکی آرتھر ٹیم کمبی نیشن اور پلیئنگ الیون کے حوالے سے ہی تذبذب کا شکار ہیں،کیا ہم تجربات کرتے رہیں گے؟ بیٹنگ لائن میں کوئی کوالٹی نہیں،چیمپئنز ٹرافی میں اظہر علی اور محمد حفیظ موجود تھے،ان کو غیر موزوں قرار دیدیا گیا، اظہر ٹاپ آرڈر کے بہترین بیٹسمین ہیں،چیمپئنز ٹرافی کے بعد مسلسل کمزور ٹیموں کیخلاف کھیلنے کا بھی نقصان ہوا، مضبوط سائیڈز کا مقابلہ کرتے تو اچھی تیاری ہوتی۔
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اس انداز میں زیر ہوتے دیکھ کر مایوسی ہوئی،مینجمنٹ، سلیکٹرز اور کھلاڑیوں کو مل بیٹھ کر اس صورتحال سے نکلنے پر غور کرنا ہوگا۔
The post ناقص کارکردگی پر سابق کرکٹرز بھی تلملا اٹھے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2NKf6vb