بنگال ٹائیگرز افغان حملہ ناکام بنانے کیلیے تیار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بنگال ٹائیگرز افغان حملہ ناکام بنانے کیلیے تیار

ابوظبی:  ایشیا کپ کے گروپ بی میں آج افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ ہوگا تاہم بنگال ٹائیگرز افغان حملہ ناکام بنانے کو پراعتماد ہیں۔

گروپ بی سے لگاتار دو میچز ہارکر سری لنکا کے ایونٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے باقی بچنے والی دونوں ٹیمیں بنگلہ دیش اور افغانستان سپر 4 رائونڈ میں جگہ پکی کرچکی ہیں، اب ان دونوں کا باہمی مقابلہ ابوظبی میں ہورہا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ جو بھی ٹیم جیتے گی وہ ابوظبی میں ہی اپنا اگلا میچ کھیلے گی جبکہ شکست خوردہ سائیڈ کو نہ صرف دبئی میں کھیلنا ہوگا جہاں پر زیادہ گرمی میں اس کا مقابلہ گروپ اے کی ٹاپ ٹیم سے ہوگا۔ اس لیے دونوں ہی دبئی میں کھیلنے سے بچنے کی خواہاں ہیں۔

بنگلہ دیش کو فٹنس مسائل بھی درپیش ہیں، شکیب الحسن انگلی اور مشفیق الرحیم پسلی کی تکلیف میں مبتلا ہیں، انھیں آرام دیا جاسکتا ہے، اسی طرح خود کپتان مشرفی مرتضیٰ بھی اپنی متاثرہ کمر کو آرام دینے کیلیے مسلسل دو میچز کھیلنے سے گریز کرسکتے ہیں، اس صورت میں ابوحیدر، نظم الاسلام اور عارف الحق کو میدان میں اترنے کا موقع مل سکتا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کا انحصار بدستور اپنے اسپنرز راشد خان، مجیب الرحمان اورمحمد نبی پر ہوگا۔ رواں برس جون میں کھیلی جانے والی تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز میں بنگلہ دیش کو راشد خان کے خلاف شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اگر افغانستان نے روٹیشن پالیسی اختیار کی تو محمد شہزاد اور فاسٹ بولرز آفتاب عالم اور گلبدین نائب کو آرام دے سکتا جبکہ ان کے متبادل کیلیے منیر احمد کاکڑ، سمیع اللہ شنواری، سید شیرزاد اور وفادار کے آپشنز موجود ہیں۔ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں اوس کی موجودگی کا احساس نہیں ہوا تھا۔

مشرفی مرتضیٰ کو ون ڈے کرکٹ میں 250 شکار کھیلنے والے پہلے بنگلہ دیشی کا اعزاز حاصل کرنے کیلیے مزید 4 شکار درکار ہیں، وہ مجموعی طور پر اس سنگ میل پر پہنچنے والے دنیا کے 17 ویں فاسٹ بولر ہوں گے۔ اب تک باہمی طور پر کھیلے جانے والے 5 ایک روزہ میچز میں سے 3 میں بنگال ٹائیگرز افغان سائیڈ کو زیر کرچکے ہیں۔ رحمت شاہ میدان میں اتر کر ایک روزہ میچز کی ففٹی مکمل کرنے والے چھٹے افغانی بن جائیں گے۔

The post بنگال ٹائیگرز افغان حملہ ناکام بنانے کیلیے تیار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2MOKIdJ