اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پرسوں عوام کی غربت کا رونا رویا گیا اور آج عوام پر منی بجٹ کا بم گرایا گیا۔
پارلیمنٹ میں ضمنی بجٹ پر بحث کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی قیادت نے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ ان کے پاس بہترین ٹیم موجود ہے جو عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کردیں گے اور اپنی مراعات کو بھی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ عوام کو سبز باغ دکھائے گئے، تبدیلی کے نعرے لگائے گئے، پروٹوکول نہ لینے اور سادگی کی دھول آنکھوں میں جھونکی گئی لیکن آج ذاتی دوست اور امپورٹڈ ایڈوائزر ہر جگہ نظر آرہے ہیں، حکمرانوں کے دوستوں کو بڑے بڑے عہدوں سے نوازا جارہا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ برسوں عوام کی غربت کا رونا رویا گیا اور آج عوام پر منی بجٹ کی صورت منی مہنگائی کا بم گرادیا گیا، منی بجٹ میں 183 ارب کے نئے ٹیکس لائے گئے ہیں، متوسط طبقے کے لیے گیس کی قیمت بڑھا دی گئی ہے، گیس کی قیمت بڑھا کرکسان پر بوجھ ڈالا گیا جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، اور گیس کی قیمت میں 57 فیصد اضافے سے بجلی کی قیمت بھی بڑھے گی۔ اسد عمر ایک پڑھے لکھے وزیرخزانہ ہیں ان سے توقع نہیں تھی کہ وہ ایسا عوام دشمن بجٹ لائیں گے۔ آپ اشرافیہ کے لیے قیمتیں بڑھادیں کوئی اختلاف نہیں کرے گا لیکن غریب عوام پر ٹیکس بڑھانا ان کے بچوں پر ظلم کی بات ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پوری قوم کو علم ہے کہ یہ حکومت ووٹوں کے ذریعہ نہیں آئی، موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کی کمیٹی قائم کرنے کے فیصلے کی تحسین کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ خصوصی کمیٹی بروقت اپنا کام مکمل کر کے ایوان میں رپورٹ پیش کرے گی اور انتخابی نتائج کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنےلائے جائیں گے۔ ہم یہاں 2018 کے عام انتخابات کے نتائج کو دوام بخشنے کے لئے نہیں آئے بلکہ ہم جمہوریت کے فروغ و استحکام کے لیئے ایوان میں آئے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے بڑے چیلنجز ملے، لیکن ہم نے عوام کے ساتھ مل کر ان پر قابو پایا، نوازشریف کی قیادت میں پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے، پاور پراجیکٹس، زراعت کا سب سے بڑا پیکج ہماری حکومت نے دیا۔ کسانوں کو اربوں روپے کا زراعت پیکج دیا، صحت، تعلیم اور فرانزک لیب کی صورت میں عوام کو سہولیات دیں اور 5 سالہ دور میں ایک دھیلا گیس کی قیمت نہیں بڑھائی۔
The post عوام پرمنی بجٹ کی صورت میں منی مہنگائی کا بم گرایا گیا، شہبازشریف appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2pwKaQA