کراچی: سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر راشد خان نے کہاکہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک چیلنج اور امتحان کی مانند ہوگا، عالمی کپ کے لیے تیاری میں ایونٹ معاون وممد ثابت ہوگا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دلچسپ رہے گا، دباؤ برداشت کرنے والی ٹیم کامیاب رہے گی، ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کے سبب گرین شرٹس کو راویتی حریف کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل رہے گی۔
سابق ٹیسٹ بولر نے کہا کہ ایشیا کپ میں کسی بھی ٹیم کو کمزور سمجھنا حماقت ہوگی، یہ درست ہے کہ سری لنکا کی ٹیم اپنے خراب دور سے گزر رہی ہے جبکہ بنگلہ دیشن نے اس کے خلاف بہترین کامیابی پاکر اپنے فارم میں ہونے کا بھی عندیہ دے دیا ہے، افغانستان کی سائیڈ بھی بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی، لیکن ساری دنیا کی نظریں پاک بھارت معرکہ پر لگی ہوئی ہیں، راشد خان نے کہا کہ ایشیا کی دو بہترین اور روایتی حریف ٹیموں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ شائقین کرکٹ کی خاص توجہ کا مرکز رہے گا۔
تاہم یہ امر خوش کن ہے کہ تشکیل کے مراحل سے گزرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے اچھے دور میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں نوجوان کرکٹرز اپنے بھر پور اعتماد اور شاندار پرفارمنس سے اچھا کمبی نیشن بنا رہے ہیں، ہیڈ کوچ کی نگرانی میں کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں بھر پور نکھارپیدا ہورہا ہے جس کی بدولت پوری ٹیم متحد اور یکجا نظر آرہی ہے لیکن حد سے زیادہ خود اعتمادی بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں راشد خان نے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان ٹیم زیادہ متوازن ہے جبکہ پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں اچھے بولنگ اٹیک کا بھی ایڈوانٹیج حاصل ہے ، کوہلی کی غیرموجودگی بھی بھارت پر اثر انداز ہوگی، پاکستانی بیٹسمیوں کو مستحکم اسکور ترتیب دینا ہوگا، ہمارے بولرز حریف سائیڈ کو تہس نہس کرنے کی بھرپور اہلیت اور صلاحیت رکھتے ہیں اگرہمارے کھلاڑیوں نے بہتر فیلڈنگ کی اورکیچز ڈراپ نہ کیے تو فتح پاکستان کا مقدر بنے گی۔
The post ایشیا کپ نوجوان پلیئرز کیلیے چیلنج ہے، راشد خان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2QCbUQj