سری نگر: قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے رانی پور میں بھارتی فوج نے رات گئے سرچ آپریشن کیا۔ محاصرے کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا جب کہ گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین اور بزرگوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔
کشمیریوں نے سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر سخت احتجاج کیا جس پر قابض بھارتی فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر بلال احمد بٹ نامی کشمیری نوجوان موقع پر ہی شہید ہو گیا۔
دریں اثناء اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک پولیس چوکی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سوپور میں حریت پسند مقامی رہنما حکیم الرحمان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شہید کردیا۔ وہ مفتی نظام الدین سلطانی کے فرزند تھے، انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند رکھا گیا تھا اور دو ہفتے قبل ہی رہا کیا گیا تھا۔
ادھر سری نگر میں گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد مظاہرین پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور پیلٹ گن کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں نمازی زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس نے 2 کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے لیا جنہیں پولیس نے آج عدالت میں پیش کر کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔
The post مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے آپریشن کے دوران نوجوان شہید appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2wVj3C7