ٹوکیو: جاپان میں گزشتہ 25 برس کا سب سے خوف ناک طوفان آیا ہے جس کے باعث 6 افراد ہلاک اور 160 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کو 25 برس کے سب سے خوف ناک طوفان کا سامنا ہے۔ ٹائیفون نامی طوفان نے تباہی مچادی ہے اور مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 160 زخمی ہیں تاہم زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اوساکا میں 172 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے ایک ٹرک کو الٹ دیا جب کہ مقامی ریلوے اسٹیشن کی چھت کا ایک حصہ گرگیا، ’شیکوکو‘ جزیرے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے اور کنسائی ایئرپورٹ میں بارش کا پانی بھر جانے کے باعث پروازیں معطل ہوگئیں۔
تیز ہواؤں کے جھکڑ کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور سائن بورڈز زمین بوس گئے جس سے دو شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں اور کئی زخمی ہوئے۔ کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث سیکڑوں شہری بے گھر ہو گئے ہیں۔
طوفان کے باعث بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم اور ملک کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا، پروازیں معطل اور ٹرینوں کی آمد و رفت بھی بند کردی گئی۔ حکومت نے شہریوں کو گھر میں رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
واضح رہے کہ جاپان میں رواں برس جولائی میں ہلاکت خیز ہیٹ ویو کے بعد بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
The post جاپان میں خوفناک طوفان سے 6 افراد ہلاک، 160 زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2LYCTBY