کراچی: وفاقی حکومت کے ادارہ کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف گورنرز نے ایشیائی ترقیاتی بینک کا مجوزہ منصوبہ منظور کرلیا ہے جس کے تحت گرین لائن بس منصوبہ کا فیز ٹو تاج میڈیکل کمپلیکس تا میونسپل پارک ایلی ویٹڈ کے بجائے زمین پر تعمیر ہوگا۔
وفاقی حکومت کے ادارہ کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف فنانس آفیسر زبیر چنا نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ اوریجنل پلان کے تحت فیز ٹو تاج میڈیکل کمپلیکس تا میونسپل پارک (جامع کلاتھ) ایلی ویٹڈ تعمیر کرنا تھا، وفاقی حکومت نے ڈیزائن بھی ایلی ویٹڈ کا تیار کیا تھا تاہم سندھ حکومت کے اعتراض کے باعث اب یہاں ایلی ویٹڈ تعمیرات کے بجائے زمین پر تعمیرات کی جائیں گی۔
سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے متعلقہ افسر نے بتایا ہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے آئندہ 30 سال کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، بس ریپڈ ٹرانزٹ کی 4 لائنیں گرین لائن، یلو لائن، ریڈ لائن اور بلیو لائن اس کامن کوریڈور سے گزرنی ہیں جس کے لیے سندھ حکومت کے کنسلٹنٹ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ابتدائی پلان کے تحت یہاں ایلی ویٹڈ کے بجائے زمین پر خصوصی کامن کوریڈور تعمیر کرنا ہے، اب اس پلان پر وفاقی حکومت اپنا تفصیلی پلان تشکیل دے کر تعمیرات کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ میونسپل پارک تک ہے لہٰذا وفاقی حکومت یہ کامن کوریڈور میونسپل پارک تک تعمیر کرے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے جو پلان بنایا ہے وہ ایم اے جناح روڈ ٹاور تک ہے سندھ حکومت میونسپل پارک تا ٹاور یہ خصوصی کامن کوریڈور تعمیر کرے گی تاکہ شہریوں کو ٹاور تک سفری سہولیات میسر آسکیں۔
کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف فنانس آفیسر زبیر چنا کے مطابق ترمیم شدہ ڈیزائن کے تحت شہر کی مصروف ترین شاہراہ ایم اے جناح روڈ کے درمیانی فٹ پاتھ میں گرین لائن کا خصوصی کوریڈور تعمیر کیا جائے گا تاہم اس میں دونوں اطراف سے سڑک کا کچھ حصہ بھی لیا جائے گا، اس منصوبہ کی تعمیر کے بعد عام ٹریفک کے لیے ایم اے جناح روڈ پر دونوں اطراف 3، 3 لین میسر ہوں گی تاکہ ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق رہے۔
انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت عام ٹریفک کے لیے دو انڈر پاسز ایم جناح اے روڈ کی کراسنگ سڑکوں آغا خان سوئم روڈ اور ڈاکٹر دائود پوتہ روڈ انٹرسیکشن پر تعمیر کیے جائیں گے جبکہ کیپری سینما انٹرسیکشن اور تبت سینٹر انٹرسیکشن سگنل فری کردیے جائیں گے۔
زبیر چنا نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ مجوزہ ڈیزائن بورڈ آف گورنرز نے کچھ دن قبل منظور کرلیا ہے اب گرین لائن بس منصوبہ کا کنسلٹنٹ اس کا تفصیلی ڈیزائین تیار کرے گا جس کے بعد کنٹریکٹ کارروائی ہوگی اور پھر کنٹریکٹ ایوارڈ ہونے کے بعد تعمیراتی کام رواں سال شروع کردیا جائے گا انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کو جون2019 میں مکمل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گرین لائن بس منصوبہ پر تعمیراتی کام جنوری 2016 میں شروع ہوا اور اسے دسمبر2017 میں مکمل کیا جانا تھا تاہم سندھ حکومت کے اعتراضات اور دیگر وجوہات کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے منصوبے کا فیز ون اے سرجانی تا گرومندر کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے منصوبہ کے اوریجنل پلان کے ڈیزائن میں پہلے ہی دو بار تبدیلیاں کی جاچکی ہیں جبکہ تیسری بار بھی اس ڈیزائن میں ترمیم کی جارہی ہے۔
زبیر چنا نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے پلان کے تحت گرین لائن بس کوریڈور تاج میڈیکل کپلیکس تا میونسپل پارک میں وہ تمام سہولتیں رکھی جائیں گی جس کے ذریعے آئندہ مستقبل میں بس ریپڈ ٹرانزٹ کی دیگر لائنیں بھی اسی کوریڈور سے گزرسکیں گی۔
The post بالائی گزرگاہ کا منصوبہ ختم، گرین لائن بس منصوبہ فیز 2 زمین پر بنے گا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2wK4CRp