نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والے موسلا دھار بارشوں کے نئے سلسلے میں 12 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست یوپی میں بارشوں نے ایک بار پھر تباہی مچا دی ہے۔ بارش، گھروں کی چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 14 زخمی ہیں۔
ریلیف کمشنر سنجے کمار کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں گونڈا، میرٹھ، مرزا پور اور خوشی نگر میں ہوئیں۔ جانی نقصان کے علاوہ 226 گھر اور جھونپڑیاں تباہ ہوگئے اور 3 بھینسیں بھی ہلاک ہوئیں۔
سنجے کمار کا مزید کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد مہیا کی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ شاہراؤں پر گرے درختوں کو ہٹا کر راستے کلیئر کروائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے بھارت میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے سیلابی صورت حال پیدا کردی تھی۔ گزشتہ ماہ کیرالہ کی تاریخ میں صدی کا بدترین سیلاب آیا تھا جس میں 3 سو سے زائد افراد ہلاک اور 8 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے تھے۔
The post بھارت میں موسلا دھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 12 افراد ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2LUhkT2