دبئی: ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ 10پوزیشنز بدستور پاکستانی کرکٹرز کی منتظر ہیں۔
سائوتھمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کی بھارت پر 60 رنز کی فتح کے بعد آئی سی سی نے اس طرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، بیٹنگ اور بولنگ کی ٹاپ 10 پوزیشنز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں جبکہ ٹاپ 20 میں صرف ایک ایک کھلاڑی موجود ہے۔
بیٹسمین اظہر علی ایک درجہ بہتری سے 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ان کی ترقی کا باعث انگلینڈ کے جونی بیئر اسٹو کی ایک ساتھ 5 درجے تنزلی بنی جو اب 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، بیٹنگ چارٹ کے ٹاپ پر بدستور بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہی موجود ہیں،ٹاپ10 کی دیگر9 پوزیشنز میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
انگلش آل رائونڈر سام کیورن کو بیٹسمینوں میں ایک ساتھ 29 درجے کی ترقی نے 43 ویں نمبر پر پہنچا دیا، انھوں نے چوتھے ٹیسٹ میں 78 اور 46 رنز کی اننگز کھیلیں، بولرز میں 11 درجے کی بہتری سے وہ 55 جبکہ آل رائونڈرز میں 15 درجے پھلانگ کر27 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولنگ میں پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر بھی 18 واں نمبر سنبھالے ہوئے ہیں، سائوتھمپٹن ٹیسٹ کے مین آف دی میچ معین علی نے 9 وکٹیں حاصل کرنے پر تین درجے ترقی پائی جس سے وہ 33 ویں درجے پر آگئے، اسی طرح ایک درجہ بہتری سے وہ آل رائونڈرز میں ساتواں نمبر سنبھال چکے ہیں۔
بولنگ میں ٹاپ پر انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن موجود ہیں، ایشون کی ایک درجہ تنزلی نے رنگانا ہیراتھ کو ساتویں نمبر پر پہنچا دیا، محمد شامی بھی عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے تین درجے ترقی پاکر ٹاپ 20 میں واپس لوٹتے ہوئے 19 ویں پوزیشن پر آگئے۔ آل رائونڈرز میں ٹاپ پوزیشن بنگلہ دیشی شکیب الحسن کے پاس ہی ہے۔
The post ٹیسٹ رینکنگ؛ ٹاپ 10 پوزیشنز بدستور پاکستانی کرکٹرز کی منتظر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2NasO9K