لاہور: نامزد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ایشین بلاک مضبوط بنانے کی ٹھان لی۔
وزیراعظم اور پیٹرن انچیف عمران خان نے اپنی ترجیحات بتانے،کابینہ تشکیل دینے کے ساتھ تبدیلی کی لہر پی سی بی کے دروازے تک پہنچانے میں بھی کوئی تاخیر نہ برتی، انھوں نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا خلا پُرکرنے کیلیے احسان مانی کو نامزد کردیا،چارٹرڈ اکائونٹنٹ ہونے کی وجہ سے مالیاتی امور کا وسیع تجربہ ان کے آئی سی سی کیلیے مختلف حیثیتوں میں کام کرتے ہوئے بھی کام آیا، انھوں نے بھارتی جگموہن ڈالمیا کے ساتھ مل کر دنیائے کرکٹ کو کمرشل بنیادوں پر استوار کیا جس کی وجہ سرمائے کی فروانی ہوئی۔ آج آئی سی سی کا شمار مالیاتی لحاظ سے مضبوط عالمی اسپورٹس تنظیموں میں ہوتا ہے۔
ایک انٹرویو میں احسان مانی نے پاک بھارت مقابلوں کی اہمیت اور دونوں ملکوں کی کرکٹ کو مزید بہتر بنانے اور ایشیائی بلاک کو مضبوط بنانے کی بنیاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ اگرچہ ہم ابھی ابتدا کررہے ہیں لیکن میرا ارادہ ہے کہ ایشین کرکٹ ماضی کی طرح ایک بار پھر مضبوط ہو، اس کا پورے خطے کی کرکٹ کو فائدہ ہوگا، میں ابھی تفصیل میں نہیں جاناچاہتا لیکن پاک بھارت مقابلے عالمی کرکٹ کیلیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ہمیں اس معاملے میں مل بیٹھ کر غور اور کوئی مثبت حل نکالنا ہوگا۔
خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہمیں ایک ایسے وزیر اعظم کی سرپرستی حاصل ہے جواس معاملے میں خود بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہاکہ میری پہلے کبھی عمران خان سے چیئرمین پی سی بی کے موضوع پر بات نہیں ہوئی،انھوں نے نامزدگی کا اعلان کرنے سے قبل مجھے فون کیا اور رائے طلب کی ، میں بدھ کو ان سے ملاقات بھی کروں گا، الیکشن کمشنر اور قائم مقام چیئرمین پی سی بی جسٹس(ر)سید افضل حیدر نے بھی مجھ سے فون پر بات کی ہے۔ عید کے بعد گورننگ بورڈ کا اجلاس اور طریقہ کار کے مطابق انتخابی عمل مکمل کیا جائے گا۔
احسان مانی نے کہا کہ عمران خان ریجنز کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں،ہماری بھی کوشش ہوگی کہ ایسوسی ایشنز کو بااختیار بنائیں لیکن ڈپارٹمنٹس کا بھی کرکٹ میں اہم کردار ہے،میرے خیال میں ریجنز اور بینکوں و اداروں کی ٹیمیں ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں،ہمیں اختیارات میں توازن کے ساتھ پی سی بی کے معاملات کو شفاف بنانا ہوگا،بورڈ میں 900ملازمین رکھنے کا مطلب ہے کہ آپ بنیادی طور پر ہی غلط چل رہے ہیں۔
دہری شہریت کی خبریں مسترد،صرف پاکستانی پاسپورٹ رکھتا ہوں،مانی
نامزد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دہری شہریت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانی پاسپورٹ رکھتا ہوں،اس طرح کی خبریں مجھے بدنام کرنے کیلیے پھیلائی جارہی ہیں تاکہ تقرری کو متنازع بنایا جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے، زندگی میں کئی موقع ملے لیکن کسی ملک کی شہریت لی نہ ہی اس طرح کا کوئی ارادہ ہے۔یاد رہے کہ پی سی بی آئین میں چیئرمین کی پوسٹ کیلیے دہری شہریت کے حوالے سے کوئی شق موجود نہیں،پرویز مشرف دور کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف امریکاکی شہریت بھی رکھتے تھے۔
The post احسان مانی نے ایشین بلاک مضبوط بنانے کی ٹھان لی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2BL1gDx