انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے،شہباز شریف - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے،شہباز شریف

 اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔

قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے بعد خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے انتہائی متنازع اور دھاندلی شدہ  تھے، پوری قوم نے ان انتخابات کو مسترد کردیا ہے. انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پارلیمانی کمیشن بنایا جائے جو دھاندلی کی تحقیقات کرکے 30 دن میں ایوان کے اندر اور عوام کے سامنے رپورٹ پیش کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں سزا دلوائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کمیشن اپنی سفارشات پیش کرے جس کے بعد الیکشن قانون 2017 میں ضروری ترامیم کی جائیں تاکہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا دروازہ بند ہوسکے جب کہ ہم ووٹ کی چوری کا حساب لیں گے، جس نے ڈاکا ڈالا، اس کا احتساب ہوگا، ہم ایوان میں دھاندلی زدہ الیکشن کا تحفظ کرنے نہیں بلکہ احتجاج کے طور پر آئے ہیں اور جمہوری عمل کوآگے بڑھانے کے لیے آئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ جب ہم اپنا حق مانگیں گے تو ایوان پر لعنت نہیں بھجیں گے، پارلیمنٹ پر حملہ نہیں کریں گے، سپریم کورٹ کے ججوں کو راستہ بدلنے پر مجبور نہیں کریں گے، بجلی اور گیس کے بلوں کو آگ نہیں لگائیں گے، غیر ملکی سربراہان کے دوروں کو سبوتاژ نہیں کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ کیسا الیکشن تھا کہ میڈیا کو پولنگ اسٹیشنز میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی، دیہاتوں کے نتائج پہلے آئے اور شہروں کے نتائج 48 گھنٹوں میں بھی نہیں آئے جب کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخاب کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہا، چترال سے کراچی تک رات گئے آرٹی ایس سسٹم زبردستی بند کردیا گیا،33 ایسے حلقے تھے جہاں مسترد ووٹوں کی تعداد جیت کے ووٹوں سے کہیں زیادہ تھی، فارم 45 کی جگہ کچی پرچیاں دی گئی، تین دن تک الیکشن کے نتائج نہیں آئے۔

The post انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے،شہباز شریف appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2nMPJta