کراچی: بورڈ میں تبدیلی سے پی ایس ایل فرنچائزز خدشات کا شکار ہوگئیں۔
گورننگ کونسل کا اہم اجلاس منگل کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے، اس میں ٹیموں کی ویلیو کا جائزہ لینے کے ساتھ دیگر اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔ گوکہ اس میٹنگ کے دعوت نامے نجم سیٹھی کے استعفیٰ دینے سے قبل جاری کیے گئے تھے مگر اب تک کی اطلاعات کے مطابق منسوخی کا اعلان نہیں کیا گیا، چونکہ اس وقت تک نئے چیئرمین احسان مانی نے عہدہ نہیں سنبھالا ہوگا لہذا یہ واضح نہیں کہ میٹنگ کی صدارت کون کرے گا۔
اس حوالے سے گذشتہ روز فرنچائزز نے پی سی بی کو خط بھی ارسال کیا، اس میں میٹنگ کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی کہ موجودہ صورتحال میں انعقاد ہوگا یا نہیں؟اگر ہوا تو نجم سیٹھی کے استعفے اور نئے چیئرمین کے عہدہ نہ سنبھالنے پر صدارت کون کرے گا؟
خیال رہے کہ پی سی بی میں حالیہ تبدیلیوں نے فرنچائزز کو بھی غیریقینی کا شکار کر دیا ہے۔ انھیں سب سے زیادہ فکر نئے براڈکاسٹنگ اور ٹائٹل اسپانسر شپ حقوق کے حوالے سے ہے، انہی پر فرنچائزز کی آمدنی کا انحصار ہوتا ہے۔
بعض آفیشلز نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ نئے چیئرمین کے آنے سے شاید معاہدوں کی ویلیو کم ہو جائے، نائلہ بھٹی کے حوالے سے بھی یہی اطلاعات ہیں کہ وہ مستعفی ہو چکیں۔اس حوالے سے ایک اونر کا کہنا تھا کہ احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹی وی رائٹس کنٹریکٹس میں معاونت کرتے رہے ہیں۔ وہ اس حوالے سے وسیع تجربہ رکھتے اور ان کی زیرنگرانی اچھی ڈیل ہوں گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل گورننگ کونسل میں چیئرمین بورڈ کے ساتھ سی او او سبحان احمد، سی ایف او بدر منظور خان،پروجیکٹ ڈائریکٹر نائلہ بھٹی، سینئر جی ایم مارکیٹنگ صہیب شیخ، جنرل منیجر لیگل سلمان نصیر، ہیڈ آف پلیئر ایکویزیشن اینڈ مینجمنٹ پی ایس ایل عمران احمد خان اور تمام فرنچائز اونرز شامل ہیں۔
The post بورڈ میں تبدیلی، پی ایس ایل فرنچائزز خدشات کا شکار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2P1VVcs