کیلیفورنیا: امریکا میں ہائی اسکول کے نزدیک فائرنگ سے 16 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا جب کہ ایک نوجوان شدید زخمی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کیلیفورنیا میں واقع فیئر فیلڈ آرمیجو ہائی اسکول کے نزدیک جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں 16 سالہ نوجوان ہلاک اور ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا ہے۔ زخمی ہونے والے نوجوان کی عمر 18 سال ہے اور اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے گینگ وار ملزمان کا تعاقب کر کے ایک ملزم کو ہائی اسکول کے جِم سے حراست میں لے لیا جب کہ دوسرے ملزم کو قریبی علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسکول کا عملہ اور بچے محفوظ ہیں۔ پولیس نے اسکول کو بند کرکے والدین کو اطلاع دے دی ہے۔
پولیس کی جانب سے ہلاک اور زخمی ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ یہ نوجوان کسی گینگ کا حصہ تھے۔ پولیس نے تحقیقات مکمل ہونے تک کسی قسم کی معلومات دینے سے معذرت کی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی شہر شکاگو میں گینگ وار میں 5 افراد ہلاک، 44 زخمی
واضح رہے کہ امریکا میں جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان نئی گینگ وار کا آغاز ایک ماہ قبل ہوا تھا جب ایک گروہ کے مبینہ سربراہ کو شکاگو میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ اُس دن دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر حملے کیئے جس میں 5 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہوئے تھے۔
The post امریکا میں اسکول کے نزدیک فائرنگ سے نوجوان ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2MA4q1G