اسلام آباد: وزارت پانی و بجلی کا سرکلر ڈیٹ ساڑھے 11 سو ارب روپے ہو گیا ہے جبکہ سو ارب روپے کے قریب بجلی چوری اور لائن لاسز ہو رہے ہیں۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کی پیداوار، جاری منصوبوں اور گردشی قرضوں کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دینے کے لیے تیاری مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کی تیار کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت پانی و بجلی کا سرکلر ڈیٹ ساڑھے 11 سو ارب روپے ہوگیا ہے، سرکاری و غیر سرکاری اداروں سمیت صوبائی حکومتوں سے پانچ سو ارب روپے سے زائد کے واجبات وصول کرنے ہیں، 100 ارب روپے کے قریب بجلی چوری اور لائن لاسز ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سابقہ حکومتوں میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے بلکہ ان علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ واجبات کی وصولی بھی ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کے لیے وبال جان بن چکی ہے، لیسکو نے 83 ارب روپے سے زائد، گیپکو نے 105 ارب، فیسکو نے 180 ارب، ایسکو نے 31 ارب 70 کروڑ، میپکو نے 82 ارب، پیسکو نے 53 ارب، ٹیسکو نے 192 ارب اور حیسکو نے 90 ارب سے زائد رقم وصول کرنی ہے۔
نجی صارفین سے 247 ارب روپے کے واجبات وصول کرنے ہیں اور ان صارفین میں سے متعدد نے اسٹے آڈر لے رکھے ہیں جس کی وجہ سے ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔ زرائع نے بتایا کہ واجبات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے وزیر اعظم سے خصوصی اجازت لی جائے گی۔
The post وزارت پانی و بجلی کا گردشی قرضہ ساڑھے گیارہ سو ارب روپے ہوگیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2MvVIBN