خیبر: پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کے لیے افغانستان سے چھوٹے جانوروں کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔
ملکی میڈیا کے مطابق پابندی ختم ہونے کے بعد طورخم گیٹ کے راستے دنبوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، طورخم بارڈر کے راستے ٹریلرز میں سیکڑوں دنبے لنڈی کوتل اور دیگر علاقوں میں پہنچائے جارہے ہیں۔ دنبوں کی درآمد پر عائد پابندی ختم ہونے سے قیمتوں میں کمی آجائے گی، عوام نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز افغان حکام نے پاکستان کے بیوپاریوں کے ساتھ مذاکرات میں دنبوں کی پاکستان درآمد کو بڑے جانوروں کی افغانستان برآمد سے مشروط کیا تھا۔
رات گئے حکام نے دنبے پاکستان روانہ کرنے کی اجازت دے دی تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہ ہوسکا کہ پاکستانی حکام نے بڑے جانوروں کی افغانستان برآمد کی اجازت دے دی ہے یا پھر افغان حکام نے جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا ہے۔
The post افغانستان سے دنبوں کی پاکستان درآمد پر عائد پابندی ختم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2OX416q