لاہور: ایشین گیمز مینز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اتوار کو ملائیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔
انڈونیشیا میں جاری گیمزکے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی اب تک کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے اور اس نے ابتدائی تینوں میچزمیں فتوحات حاصل کیں، گرین شرٹس نے پہلے میچ میں تھائی لینڈ، دوسرے میچ میں اومان اور تیسرے میچ میں قازقستان کو شکست سے دوچار کیا۔
پاکستانی ٹیم کو چوتھے گروپ میچ میں اتوار کوملائیشیا کا چیلنج درپیش ہوگا جبکہ گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا پانچواں اور آخری گروپ میچ 28 اگست کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گی، اسی روزگروپ بی میں اومان کا مقابلہ قازقستان کے ساتھ ہوگا جبکہ تھائی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش سے نبرد آزما ہوگی۔
گروپ اے مین ہانگ کانگ کا مقابلہ جاپان کے ساتھ ہوگا، بھارتی ٹیم کوریا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ سری لنکا کا میچ انڈونیشیا کے ساتھ شیڈول ہے۔
ادھر پاکستان ٹیم کے کوچ محمد ثقلین ملائیشیا کے خلاف بھی میچ میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ مسلسل 3 میچوں میں کامیابی کے بعد گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں اور وہ مضبوط حریف ملائیشیا کے خلاف بھی میچ میں جیت کے لیے پرعزم ہیں، انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا فٹنس کا معیار غیر معمولی ہے جس کی وجہ سے ٹیم 3 میچوں میں حریف سائیڈز کے خلاف 36 گول کرنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ اس کے خلاف ایک بھی گول نہیں ہوا ہے۔
ایک سوال پر قومی کوچ نے کہا کہ قومی ٹیم کی انٹرنیشنل ایونٹس میں مسلسل عمدہ کارکردگی سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پاکستان میں ہاکی ابھی ختم نہیں ہوئی، وہ وقت دور نہیں جب انٹرنیشنل اعزازات ایک، ایک کرکے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، پہلے مرحلے میں ایشین گیمزمیں گولڈ میڈل جیتنا ہدف ہے۔
The post ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم آج ملائیشیا کے مدمقابل appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2MOPXhK