نئی دہلی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے پر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف بھارت کی مقامی عدالت میں غداری اور ملکی فوج کی توہین کے الزام میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کےمطابق ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ہری پرساد کی عدالت میں سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف اشتعال انگیزی، غداری اور فوج کی توہین کی الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے آرمی چیف کو گلے لگایا جب کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سدھو کے اس عمل سے بھارتی عوام اور شہید ہونے والے فوجیوں کے لواحقین صدمے کی کیفیت میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سدھو جنرل قمر جاوید باجوہ کے گرویدہ
مجسٹریٹ ہری پرساد نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے سماعت کے لیے 24 اگست مقرر کردی ہے۔ مقدمہ بھارتی آئین کی دفعات 500، 124- اے اور 153- بی کے تحت درج کیا گیا ہے جس کی سزا دو سے تین سال کی قید ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹر سدھو نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آئے تھے جہاں اُن کی ملاقات پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر باجوہ سے ہوئی تھی۔
The post آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے گلے ملنے پر سدھو کے خلاف مقدمہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2LbV2vu