آرنلڈ شوارزنیگر نے جادوئی الفاظ سے ڈپریشن کے مریض میں نئی روح پھونک دی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

آرنلڈ شوارزنیگر نے جادوئی الفاظ سے ڈپریشن کے مریض میں نئی روح پھونک دی

کیلیفورنیا: ہالی ووڈ کے مشہور ایکشن ہیرو، سابقہ باڈی بلڈنگ چیمپئن اور سابق گورنر کیلیفورنیا آرنلڈ شوارزنیگر نے ایک کمرے میں بند اور بستر پر پڑے رہنے والے ڈپریشن کے مریض کو زندگی معمول پر واپس لانے کےلیے راضی کر ہی لیا۔

تازہ خبروں کے مطابق آرنلڈ شوارزنیگر نے، جو ہمیشہ لوگوں کی مدد کےلیے سرگرم رہتے ہیں، زندگی سے مایوس مریض کو شاہراہ زندگی پر پھر سے نئے سفر کے آغاز کے لیے حوصلہ، طاقت اور توانائی مہیا کردی۔

بالی ووڈ ایکشن اسٹار جو فلموں میں دونوں ہاتھوں سے اسلحہ چلاتے ہوئے طاقت ور ترین دشمن کو نیست و نابوت کردیتے ہیں، مضبوط جسم رکھنے والے مقبول تن ساز ہونے کے علاوہ ایک نرم دل کے مالک بھی ہیں جو لوگوں کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں اور شاید اسی انسان دوستی کی وجہ سے وہ کیلیفورنیا کے گورنر بھی منتخب ہوئے۔

تاہم اس بار انہوں نے کمال ہی کردیا۔ آرنلڈ شوارزنیگر سے ڈپریشن کے ایک مریض نے رابطہ کیا اور جم (جمنازیم) جانے کےلیے اپنے کمرے سے باہر نکلنے میں حائل رکاوٹوں، سستی اور خوف سے نجات حاصل کرنے کےلیے مشورہ مانگا۔ یہ شخص ہفتوں کمرے میں بند رہتا اور دن بھر بستر پر ہی پڑا رہتا تھا۔

آرنلڈ شوارزنیگر نے ہمدردانہ الفاظ کے ساتھ نوجوان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جواباً لکھا: ’’میں تمہیں قصوروار نہیں ٹھہراؤں گا اور نہ ہی تم خود کو اس حالت کےلیے قصور وار سمجھو۔ ہم سب کو زندگی میں چیلنجوں کا سامنا رہتا ہے جن میں ہم کبھی ناکام ہوجاتے ہیں تو کبھی کامیابی ہمارے قدم چومتی ہے۔ جم نہ جانے پر افسوس کرتے رہنے کے بجائے پہلا کام یہ کرو کہ بس ’اُٹھ کھڑے ہو‘ اور بستر لپیٹ دو؛ تھوڑا سا پیدل چلو یا پھر چند پش اپس لگاؤ۔ بس ایک وقت میں یہی کام بہت ہوگا۔‘‘

آرنلڈ نے مزید لکھا: ’’مجھے امید ہے یہ کرکے تمہیں بہت خوشی ہوگی اور روز ملنے والی یہ خوشی ایک نہ ایک روز تمہیں جم جانے پر بھی مجبور کردے گی۔ لیکن تب تک خود پر جبر نہ کرو اور ناکامی کی صورت میں خود پر تنقید کی بحث سے بچو کیوں کہ یہ فضول سوچ ہے، اسے نظرانداز کرنا سیکھو۔ جب بھی مدد کی ضرورت ہو، مجھ سے  بات کرو۔‘‘

آرنلڈ شوارزنیگر کا پیغام ملتے ہی مایوس مریض کے ذہن میں زندگی کی رمق ایک بار پھر سے جاگ اُٹھی اور اس نے جواب میں لکھا: ’’آپ کا پیغام پڑھتے ہی میں بستر سے اچھل کر باہر آگیا۔ میں اب نہا دھو کر تیار ہوں اور جم کی جانب رواں دواں ہوں۔ اس کامیابی پر تہہ دل سے آپ کا شکر گزار ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ سب لوگ ہماری یہ گفتگو پڑھیں اور فائدہ اُٹھائیں۔‘‘ جس پر آرنلڈ شوارزنیگرز نے لکھا: ’مجھے تم پر فخر ہے۔‘

The post آرنلڈ شوارزنیگر نے جادوئی الفاظ سے ڈپریشن کے مریض میں نئی روح پھونک دی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2oatQVc