یوم آزادی؛ شہر روشنیوں میں نہا گیا، عمارتیں برقی قمقموں سے سجا دی گئیں - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

یوم آزادی؛ شہر روشنیوں میں نہا گیا، عمارتیں برقی قمقموں سے سجا دی گئیں

کراچی: زندہ قومیں اپنے قومی تہوار شایان شان طریقے سے مناتی ہیں اور پاکستانی قوم نے بھی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ اپنا یوم آزادی منانے کے لیے بھرپور تیاریاں کرلی ہے۔

شہر کی عمارتوں کو بھی برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجادیا گیا ہے جس سے پورا شہر رنگ و نور میں نہاگیا ، مزار قائد ، سندھ سیکریٹریٹ ، سندھ اسمبلی ، میٹرک بورڈ آفس ، اسٹیٹ بینک کے دفاتر ، کے پی ٹی ہیڈ آفس ، حبیب بینک پلازہ ، ایم سی بی پلازہ ، سندھ اسمبلی ، سوک سینٹر ، ہائی کورٹ سمیت مختلف کورٹس کی عمارات ، شارع فیصل پر قائم عمارتیں ،ڈاکٹر ضیا الدین روڈ پر فائیو اسٹار ہوٹلوں اور آئی آئی چندریگر روڈ پر قائم بینکوں کے مرکزی دفاتر اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے برقی قمقموں کے ذریعے چراغاں کیا گیا ہے۔

رات گئے تک نوجوانوں کی ٹولیاں ، خواتین ، بزرگ،بچے  سڑکوں پر رہے اور ان عمارات کو دیکھنے کے لیے جوق در جوق پہنچتے رہے ، پورے شہر میں قومی پرچموں کی بہار آگئی ہے ، گھر ، فلیٹس ، سرکاری و نجی عمارتیں غرض جہاں دیکھو وہاں قومی پرچم ہی نظر آرہے ہیں ، بچوں نے گھروں کو جھنڈیوں سے سجایا ، گلی محلے سجانے کی ذمے داری نوجوانوں نے پوری کی ، مختلف تنظیموں کی جانب سے بلند و بالا اور کئی کئی فٹ لمبے قومی پرچم بنائے گئے۔

شہریوں نے گاڑیوں میں بھی سائونڈ سسٹم پر قومی ترانے چلائے،شہر میں قائم مختلف چورنگیوں کو بھی  خوبصورت روشنیوں کے ذریعے سجایا گیا ، نوجوان موٹر سائیکلوں پر گھومتے رہے اور کئی نوجوانوں نے سائلنسر ہی نکال دیے اور سڑکوں پر ہلڑ بازی کرتے رہے۔

اس موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر کیمپ بھی لگائے گئے جہاں سائونڈ سسٹم پر قومی ترانے بجتے رہے جس کی دھن پر نوجوان اور بچے دیوانہ وار رقص کرتے رہے، بیکریوں میں خصوصی کیک بھی تیار کیے گئے جوکہ شہریوں نے ایک دوسرے کو بطور تحفہ بھی پیش کیے ، غرض یہ کہ پاکستانی قوم اپنا جشن آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لیے انتہائی پرعزم ہے اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ آج جشن آزادی منایا جائے گا۔

 

The post یوم آزادی؛ شہر روشنیوں میں نہا گیا، عمارتیں برقی قمقموں سے سجا دی گئیں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2KSZpvv