مکہ مکرمہ: مسجد الحرام میں خودکشی کا ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق ایک حاجی نے جمعے کی رات مسجد الحرام کی چھت سے نیچے صحن میں چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ سیکورٹی اور امدادی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے تاہم حاجی خون زیادہ بہنے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حرمین شریفین پریزیڈنسی کے ترجمان احمد بن محمد المنصوری نے بتایا کہ ہلاک شخص کا تعلق عراق سے تھا، تاہم اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ مسجد الحرام میں پہلے بھی خودکشی کے واقعات ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے چھت پر حفاظتی باڑ لگائی گئی ہے تاہم عراقی حاجی نے حفاظتی باڑ کو بھی پھلانگ کر چھلانگ لگا دی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور شخص کی حرم شریف میں خودکشی
عراقی حاجی کے چھلانگ لگانے سے صحن میں موجود دو زائرین بھی زخمی ہوئے۔ انہیں اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ جون میں بھی دو افراد نے مسجد الحرام میں خودکشی کی تھی جن کا تعلق بنگلہ دیش اور فرانس سے تھا۔
واضح رہے کہ اسلامی تعلیمات کے تحت خودکشی کرنا حرام ہے اور قرآن و حدیث میں اس کام کی واضح ممانعت موجود ہے۔
The post مسجد الحرام میں ایک اور شخص نے خودکشی کرلی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2weulSp