امسال عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آن لائن فروخت بڑھ گئی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

امسال عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آن لائن فروخت بڑھ گئی

 کراچی: عید قرباں قریب آتے ہی روایتی مویشی منڈیوں میں گاہکوں کا رش ہے وہیں قربانی کے جانوروں کی آن لائن فروخت بھی بڑھ گئی۔

پاکستان میں انٹرنیٹ کی سہولت عام ہونے اور موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے اب دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کے ساتھ عید قرباں پر قربانی کے جانور بھی آن لائن فروخت کیے جاتے ہیں قربانی کے جانوروں کی آن لائن فروخت کے رجحان میں سال بہ سال اضافہ ہورہا ہے تاہم آن لائن پلیٹ فارم چلانے والی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ رواں سال فروخت میں گزشتہ سال کی نسب 200 فیصد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے اور انفرادی فروخت کنندگان کے ساتھ وی آئی پی جانور فروخت کرنے والے فارمرز بھی انٹرنیٹ اور آن لائن پلیٹ فارم استعمال کررہے ہیں۔

قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلیے مویشی منڈیوں تک رسائی اور مطلوبہ رنگ نسل جسامت اور قیمت کے جانور کی تلاش اور گھر تک لانا تیز رفتار زندگی میں دشوار ہے یہ دشواری اب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے آسان کردی ہے۔ اب گھر بیٹھے اپنی پسند اور بجٹ کے مطابق جانور خریدے جاسکتے ہیں، قربانی کا فریضہ ادا کرنے والے گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فون کے ذریعے جانور خرید سکتے ہیں اور قربانی میں بھی حصہ ڈال سکتے ہیں۔

مویشیوں کی آن لائن فروخت کے لیے متعدد ویب سائٹس گزشتہ کئی سال سے کام کررہی ہیں،اس سال سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور کلاسیفائیڈ اشتہار چلانے والی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر بھی قربانی کے جانوروں اور اجتماعی قربانی کے اشتہارات کی بھرمار ہے، بڑے کیٹل فارمز نے فیس بک پر اپنے پیج بنالیے ہیں جن کے ذریعے جانورں کی نمائش اور آئندہ سال کے لیے پیشگی آرڈرز وصول کیے جاتے ہیں۔

قربانی کے جانور آن لائن فروخت کرنے والی ویب سائٹس قربانی اور مستحقین میں گوشت تقسیم کرنے کی ذمے داری بھی ادا کرتی ہیں ان ویب سائٹس کی زیادہ توجہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر ہوتی ہے یا پھر دنیا بھر میں مخیر حضرات نادار اور غذائی قلت کے شکار افراد میں اپنے عطیات کے ذریعے گوشت تقسیم کرنے کے لیے ایسی ویب سائٹس کی مدد لیتے ہیں یہ ویب سائٹس عیدقرباں کے علاوہ عام دنوں میں بھی صدقہ اور عقیقہ کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔

آن لائن مویشی خریدنے سے وقت کی بچت ہوتی ہے

آن لائن ویب سائٹ سے مویشی خریدنے والوں کا زیادہ تر تعلق شہری علاقوں سے ہے جو اپنی مصروفیات کی وجہ سے مویشی منڈیوں کا رخ نہیں کرسکتے اور گھر بیٹھے ویب سائٹ پر دی گئی تصاویر کے ذریعے اپنی پسند کا جانور خریدتے ہیں، آن لائن خریداری کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے وقت کی بچت ہوتی ہے اور کسی بھی وقت جانور خریدا جاسکتا ہے۔

مویشیوں کی خریداری کیلیے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کا استعمال ابھی تک بہت محدود ہے صارفین اپنا ڈیٹا چوری ہونے کے خدشے کی وجہ سے ڈیبٹ کریڈٹ کارڈز کے بجائے کیشن آن ڈیلیوری کے آپشن کو ترجیح دیتے ہیں اس طرح مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے کی صورت میں رقم ڈوبنے کا خطرہ بھی باقی نہیں رہتا اور جانور گھر پر پہنچنے کے بعد ادائیگی کی جاتی ہے پاکستان سے خریداری کرنے والے90 فیصد صارفین کیش آن ڈیلیوری کا آپشن ہی استعمال کرتے ہیں۔

پاکستان میں قربانی آن لائن نامی ویب 12سال قبل متعارف کرائی گئی

قربانی آن لائن نامی پاکستانی ویب سائٹ 12سال قبل متعارف کرائی گئی ویب سائٹ چلانے والی کمپنی کا دعوی ہے کہ یہ دنیا میں پہلی ویب سائٹ ہے جو قربانی کے جانوروں کی فروخت اور قربانی کے فریضہ کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی اس دعوے کو سچ مانا جائے تو پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قربانی کے جانوروں کی فروخت اور قربانی کے فریضہ کو آسان بنانے کا تصورپاکستان سے متعارف کرایا گیا۔

ویب سائٹ کے ذریعے جانور وزن کے لحاظ سے فروخت کیے جاتے ہیں۔ 25کلو گرام اوسط وزن کا بکرا 235 ڈالر یا اس کے مساوی پاکستانی روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، گائے کا ایک حصہ کا ہدیہ 160ڈالر جبکہ بیل کے ایک حصہ کا ہدیہ 150ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

ویب سائٹ قربانی کے جانور کا گوشت بتائے گئے پتہ پر ارسال کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے جس کے لیے اضافی معاوضہ لیا جاتا ہے آرڈر بک کرانے والے فلاحی اداروں ایدھی، چھیپا، جے ڈی سی، عالم گیر ویلفیئر یا کسی دوسرے فلاحی ادارے کو بھی گوشت بھجوا سکتے ہیں۔

ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے ویب پر قربانی کے بکرے ڈالر میں بکنے لگے

رواں سال عید قربانی ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے نامی ویب سائٹ پر بکرے 172سے 289 ڈالر قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں گائے بچھیا کی قیمت 700سے 800 ڈالر تک وصول کی جارہی ہے اسی طرح بیلوں کی قیمت 650 ڈالر سے 2000 ڈالر تک وصول کی جارہی ہے۔

قربانی کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے مکمل جانور کے ساتھ قربانی میں حصہ داری کی سہولت بھی فراہم کررہے ہیں سہارا فار لائف نامی ویب سائٹ گائے میں حصہ 9300 روپے جبکہ مکمل گائے 65000 روپے میں فروخت کررہی ہے یہ ادارہ ایزی پیسہ اور تمام بینکوں کے ڈیبٹ کریڈٹ کارڈزکے علاوہ ادائیگیوں کے بین الاقوامی پلیٹ فارم پے پال کے ذریعے بھی قیمت وصول کر رہی ہے۔

او ایل ایکس پربھی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت جاری

کلاسیفائڈ اشتہار کی سہولت فراہم کرنے والی ویب سائٹ OLX کے ذریعے بھی قربانی کے جانوروں کی بڑے پیمانے پر خریدوفروخت جاری ہے، OLX کے ہیڈ آف مارکیٹنگ پاکستان محمد عمار حسن نے ایکسپریس کو بتایا کہ OLX قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کا سب سے بڑا اور پسندیدہ پلیٹ فارم بن چکا ہے جس پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 200 فیصد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

OLX کے ذریعے مشہور اور نایاب نسل کے مویشیوں کی خریدوفروخت بھی کی جارہی ہے اور ویب سائٹ تمام مشہور نسلوں کے مویشیوں کی تلاش کو خودکار طریقے سے آسان بنا رہا ہے جس کے لیے مشہور نسلوں مثلاً کاجل والے دنبے کے لیے کجلا اور گلابی بکروں کی نسل کیلیے گلابی لکھنے پر مطلوبہ نتائج فوری سامنے آجاتے ہیں عام انفرادی صارفین کے علاوہ وی آئی پی جانور فروخت کرنے والے کیٹل فارمرز نے OLX پر پیکیج خرید کر اپنے مویشیوں کی فروخت کے اشتہار دیے ہیں جن پر بھرپور رسپانس مل رہا ہے۔

The post امسال عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آن لائن فروخت بڑھ گئی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2MVOcvV