ایشین گیمز مینز کے فٹبال ایونٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی آزمائش میں ناکام ہوگئی ابتدائی میچ میں گرین شرٹس کو ویتنام کے ہاتھوں یکطرفہ مقابلے میں3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔
فاتح ٹیم کی طرف سے کوائنگ ہائی، وین کویٹ اورکونگ پونگ نے ایک، ایک بارگیندکو جال کی راہ دکھائی، میچ کے دوران گرین شرٹس کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فاروڈز اس سے فائدہ نہ اٹھاسکے، پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں جمعرات 16اگست کو مضبوط حریف جاپان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال ہوئیں تو قومی ٹیم کو 3 سال کے طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، ابتدائی مرحلے میں برازیل سے تعلق رکھنے والے جوز انتونیوناگورا کی بطور ہیڈ کوچ خدمات حاصل کرنے کے بعد کراچی میں شیڈول قومی چیلنج کپ کے ذریعے66 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جس میں سے حتمی ٹیم کا اعلان کیا گیا۔
ان پلیئرز میں صدام حسین (کپتان)، وسیم اصغر، عدیل علی، مقبول، زین العابدین، اسحاق، یوسف احمد، محسن علی، محمد سہیل، محمد بلال، محمد عمر حیات، علی خان نیازی، محمد ریاض، احسان اللہ، مہدی حسن، نعمان، شہباز یونس، منصور، ارسلان علی اور محمود خان شامل ہیں۔ ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے لاہور میں کیمپ لگایا گیا جہاں غیر ملکی کوچ کی نگرانی میں کھلاڑیوں کوبھرپورمشقیں کروائی گئیں۔ بعد ازاں گرین شرٹس نے بحرین کا بھی دورہ کیا اور میزبان ملک کے کلبوں کے خلاف 5 پریکٹس میچزمیں حصہ لیا۔ 10 اگست کوقومی فٹبال ٹیم ایشین گیمزکا حصہ بننے کے لیے جکارتہ روانہ ہوئی توکھلاڑیوں اورآفیشلزسمیت پی ایف ایف حکام پرامید تھے کہ ایشیائی ایونٹ کے دوران ٹیم اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی تاہم گزشتہ روز ایشین گیمزمیں پاکستان کا پہلا میچ ویت نام کے ساتھ تھا ۔
تاہم گرین شرٹس اپنی ابتدائی آزمائش میں بری طرح ناکام رہے اور مقابلہ صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئے۔ گروپ ڈی کے اس میچ میں ویتنام نے آغاز سے ہی پاکستان کیخلاف جارحانہ انداز اپنایا اور وقفے وقفے سے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ پہلے ہاف کے 21 ویں منٹ میں ویتنام نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو پاکستان کے ڈینجر ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہو گئے، وہاں پر پہلے سے موجود کوانگ ہائی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
41 ویں منٹ میں ویتنام کے وین کوئت نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری دگنی کر دی، پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور 2-0 رہا۔دوسرے ہاف میں بھی ویتنام نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور72ویں منٹ میں ویتنام کے کونگ نے گول کر کے مقابلہ 3-0 گولز کر دیا، یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ میچ کے دوران گرین شرٹس کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فاروڈز اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے، پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں16اگست کو مضبوط حریف جاپان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔
The post ایشین گیمز؛ قومی فٹبال ٹیم پہلی آزمائش میں ناکام appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2nEqTM9